فواد چوہدری نے تحریری معافی جمع کرائی ، مشروط معافی مانگی اور انہوں نے افسوس کا اظہار نہیں کیا،فیصلہ
اسلام آباد(این این آئی)الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کی معافی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری 15اگست تک شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرائیں۔دو روز قبل توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کے دوران استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فواد چوہدری نے معافی نامہ جمع کرایا تھا اور موقف پیش کیا کہ ملک کا ماحول ہی ایسا بنا ہوا تھا کہ سمجھ نہیں آ رہی تھی تلخیوں میں کہاں جائیں گے۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنرکی سربراہی میں5رکنی کمیشن نے فیصلہ جاری کردیا ہے اور الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کی معافی مسترد کردی اور کہا کہ فواد چوہدری 15اگست تک شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرائیں۔فیصلے میں کہا گیا کہ فواد چوہدری نے تحریری معافی جمع کرائی اور مشروط معافی مانگی لیکن انہوں نے افسوس کا اظہار نہیں کیا۔فیصلے کے مطابق فواد چوہدری نے توہین آمیز الزامات لگائے،معاملہ حساس نوعیت کا ہے، مشروط معافی سے تلافی نہیں ہوسکتی، فواد چوہدری کی معافی غیر مشروط ہونی چاہیے۔