لاہور( این این آئی)محکمہ موسمیات نے منگل سے 22 جولائی تک ملک بھر میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں منگل کی رات ملک میں داخل ہوں گی، مون سون ہوائیں 19 جولائی کو شدت اختیار کریں گی۔
آج سے کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔حکام کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا ہ کے بعض اضلاع میں بھی تیز ہوائوں اور بارش کا امکان ہے جبکہ 20 سے 22 جولائی کے دوران بلوچستان اورسندھ میں بارش ہوسکتی ہے۔ شہید بینظیرآباد، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ اور کراچی میں باران رحمت برسنے کا امکان ہے۔موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے، مری، گلیات سمیت پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کابھی خطرہ ہے۔ سیاحوں کو احتیاط برتنے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی۔