لاہور(این این آئی)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کے بعد لاہور واپس پہنچ گئے ہیں۔اعظم نذیر تارڑ آٹھ روز قبل نواز شریف سے ملاقات کے لیے لندن گئے تھے۔ وہاں سے وہ نواز شریف کے ہمراہ دوبئی پہنچے تھے ۔ذرائع کے مطابق وزیر قانون اور نواز شریف کے درمیان وطن واپسی کے بارے میں گفتگو ہوئی،
ملاقات میں نواز شریف کی واپسی پر قانونی پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا۔اعظم نذیر تارڑ نے نواز شریف کو کیسز اور ریلیف پر بریفنگ دی۔نواز شریف کے سعودی عرب جانے کا فیصلہ عید کے بعد ہی ہوگا کہ وہ سعودیہ جاتے ہیں یا لندن، مگر امکان یہی ہے کہ میاں نواز شریف سعودیہ بھی جائیں گے اور وطن واپسی کے متعلق قانونی معاملات طے پاگئے تو وہ اگلے ماہ لندن سے براستہ قطر یا دبئی وطن واپس پہنچیں گے۔