لاہور (این این آئی)ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فلائیٹ لیفٹیننٹ عمران قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے کو پنجاب کے تمام اضلاع کی جانب سے نقصانات اور اموات کی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔رپورٹ کے مطابق پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے اور چھتیں گرنے کے مجموعی طور پر 15 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
24 گھنٹے کی رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث پنجاب بھر میں مجموعی طور 13 اموات رپورٹ ہوئیں ہیں اور مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 17 افراد شدید اور 6 افراد معمولی زخمی ہیں، زخمی ہونے والوں کو ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ صوبائی کنٹرول روم سے تمام تر صورتحال کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے، پنجاب بھر کی انتظامیہ سے مکمل رابطہ میں ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے مزید بارشوں کے حوالے سے جاری کردہ الرٹ بارے بتایا کہ 27 جون تک لاہور، روالپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی،حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال،بھکر، لیہ گجرات، شیخوپورہ، مری، گلیات اور گردو نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، مری گلیات، ناروال،سیالکوٹ اور گجرات میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان، ساہیوال، بہاولپور،بہاولنگر،ڈی جی خان اور ملحقہ علاقوں میں بھی جھکڑ چلنے / تیز آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔انہوں نے پنجاب کے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے الرٹ رہیں اور نشیبی علاقوں میں نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے عملے کو مشینری کے ساتھ تعینات کریں اور نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سفر سے پہلے موسمی صورتحال سے آگاہ رہیں،چھتوں کی صفائی،مرمت اور نکاسی آب کو یقینی بنائیں، بارش کے دوران بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں اور برقی آلات کو چھونے سے گریز کریں، نہروں میں نہانے سے گریز کریں اور برساتی نالوں میں کوڑا کرکٹ ہرگز نہ پھینکیں۔انہوں نے کہا کہ شہری حکومت پنجاب کی جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر من و عن عمل کریں تاکہ نقصانات سے بچا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کرکے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔