کراچی(نیوزڈیسک)کراچی میں اسماعیلی برادری کی بس پر حملے کے مرکزی کردار طاہر منہاس عرف سائیں القاعدہ کے رہنما جلال چانڈیو کے ماتحت اور پڑوسی رہ چکے ہیں حتٰی کہ جلال نے مبینہ طور پر طاہر سے اپنی بہن کی شادی بھی طے کر دی تھی، مگر بہن کی مرضی شامل نہ ہونے کے سبب یہ شادی نہ ہو سکی۔یہ انکشافات اس حملے کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تفتیشی ٹیم کی رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔حملہ اس برس مئی میں کراچی کی ایک بستی صفورا گوٹھ میں کیا گیا تھا جس میں 47 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔چند روز بعد وزیراعلیٰ سندھ نے اس حملے میں ملوث بعض ملزمان کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا جن میں طاہر حسین منہاس عرف سائیں، نذیر عرف زاہد، سعد عزیز عرف ٹن ٹن، محمد اظہر عشرت عرف ماجد اور حافظ ناصر حسین عرف یاسر شامل تھے۔مشترکہ تفتیشی ٹیم کی رپورٹ کے مطابق طاہر منہاس نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ کوٹری میں عبدالرحمان عرف سندھی نامی شخص نے انھیں افغانستان بھیجا تھا جہاں ان کی اسامہ بن لادن اور ایمن الظواہری سے ملاقات ہوئی۔انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ2001 میں عبدالرحمان کراچی منتقل ہوگیا تھا جہاں اس کو سی آئی ڈی نے پاسپورٹ آفس سے گرفتار کر لیا جس کے بعد اس کے سالے عمر عرف جلال چانڈیو کو القاعدہ کا امیر مقرر کیا گیا اور میں ان کے ساتھ کام کرتا رہا۔القاعدہ کے عرب ارکان کو پاکستان لانا اور افغانستان پہنچانا جلال کی ذمہ داری تھی اور جب یہ لوگ واپس چلے جاتے تھے تو اپنے ملکوں سے رقم جمع کرکے جلال کو بھیجا کرتے تھے۔ جلال چانڈیو کی ہدایت پر طاہر منہاس کراچی منتقل ہوگئے، جہاں جلال انھیں 30 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیتے تھے۔طاہر منہاس کے مطابق جلال چانڈیو کے القاعدہ رہنما رمزی یوسف کے خاندان سے بھی تعلقات تھے، اور کراچی میں جلال نے طاہر کو رمزی یوسف کے بھائی حاجی صاحب سے متعارف کروایا تھا۔ رپورٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ طاہر منہاس اور جلال میں دولت اسلامیہ میں شمولیت پر اختلافات پیدا ہوئے، جس کے بعد جلال نے ان کا ماہانہ وظیفہ بند کر دیا تھا۔2014 ستمبر میں کراچی بلوچ کالونی کا رہائشی ساتھی عبدااللہ بن یوسف شام سے واپس آیا اور ہمیں بتایا کہ ضرب عضب کے بعد طالبان جہادی گروپوں، القاعدہ اور القاعدہ جنوبی ایشیا میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ لہٰذا ہمیں دولت اسلامیہ کی طرف چلنا ہے، جس پر عبداللہ یوسف اور جلال میں اختلافات ہوگئے۔جلال نے القاعدہ کا اپنا گروپ بنا لیا جو القاعدہ جنوبی ایشیا میں بھی شامل نہیں ہوا، کیونکہ وہ کہتا ہے کہ اس نے اسامہ بن لادن سے بیعت کی ہے، لہذا وہ القاعدہ میں ہی رہے گا۔اسماعیلی برداری کی بس پر حملے میں طاہر منہاس کے شریک جرم سعد عزیز عرف ٹن ٹن نے مشترکہ تفتیشی ٹیم کو بتایا ہے کہ دولت اسلامیہ کے ترجمان ابو محمد نے جب ولایت خراسان کا اعلان کیا اور تحریک طالبان اورکزئی ایجنسی کے امیر حافظ محمد سعید خان کو اس کا امیر بنایا تو طاہر منہاس نے ان سے رابطہ کیا۔ انھوں نے طاہر عرف انکل کو کراچی کا امیر بنا دیا۔طاہر منہاس کے امیر بننے کے بعد ہم نے کراچی کے مختلف علاقوں میں دولت اسلامیہ کی حمایت میں وال چاکنگ کی۔ گلشن اقبال اور نارتھ ناظم باد میں بیکن ہاو ¿س سکولوں کے سامنے دستی بم پھینکے اور امریکی شہری ڈیبرا لوبو پر فائرنگ کی جس میں وہ زخمی ہوگئیں۔ ان تمام وارداتوں کے دوران داعش کے پیمفلٹ بھی پھینکے گئے۔طاہر منہاس کا کہنا ہے کہ عبداللہ بن یوسف عرف ثاقب بلوچ نے انھیں بتایا کہ شیعہ باغی شام، عراق اور یمن میں سنی مسلمان مرد، خواتین اور بچوں کو قتل کر رہے ہیں۔ہم نے انٹر نیٹ پر ایسی ویڈیو بھی دیکھیں جس سے ہمارے دلوں میں نفرت پیدا ہو گئی۔ عبداللہ بن یوسف نے ہمیں کہا کہ الاظہر گارڈن سے اسماعیلی برداری کی بس نکلتی ہے اس پر کارروائی کرو۔صفورا بس حملہ شام، عراق اور یمن میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کا رد عمل ہے، تاکہ پوری دنیا کو سبق مل سکے۔طاہر منہاس نے مشترکہ تفتیشی ٹیم کو بتایا ہے کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ شام جانا چاہتے تھے لیکن اس سے پہلے انھیں گرفتار کر لیا گیا۔