پسرور /شیخوپورہ /نارووال (این این آئی)پسرور، شیخوپورہ اور نارووال میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق اور6 زخمی ہو گئے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ضلع نارووال میں آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے
واقعات نارووال کے نواحی علاقوں چانگو والی، پنج پیر، رتیہ خورد ، کانگو والی میں پیش آئے، بجلی گرنے کے بعد اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا، ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔دوسری جانب شیخوپورہ میں بھی 2 مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں، منڈیالہ ورکاں میں بھینسوں کے باڑے میں موجود ایک شخص آسمانی بجلی گرنے سے جان کی بازی ہار گیا۔چک شاہ پور میں قبرستان میں بیٹھے 3 افراد بھی آسمانی بجلی کی زد میں آ گئے، جن میں سے ایک جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے، شرق پور روڈ گرڈ سٹیشن میں آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگ گئی، ریسکیو عملے نے آگ پر قابو پا لیا۔پسرور میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے، نواحی گاؤں ٹھٹھہ ملکھی میں ایک شخص آسمانی بجلی کی زد میں آ گیا جبکہ محلہ بھگت پورہ میں 13 سال کا بچہ عبدالقیوم آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہو گیا۔