اسلام آباد(نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں جاری بارشوں کے باعث چناب اور جہلم کے دریاﺅں سمیت مختلف علاقائی نالوں میں طغیانی کی پیشگوئی کرتے ہوئے فلڈ وارننگ جاری کر دی ہے اور متعلقہ محکموں پر ضروری حفاظتی انتظامات کےلئے زور دیا ہے تاکہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے ۔این ڈی ایم اے کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق محکمہ موسمیات کی جاری کر دہ فلڈ وارننگ میں واضح کیا گیا ہے کہ پنجاب ,خیبر پختون خوا , گلگت بلتستان , کشمیر اور بھارت سے ملحقہ علاقوں میں بارش کا فعال نظام موجود ہے اور توقع ہے کہ آئندہ 26گھنٹوں کے دور ان دریائے سندھ , جہلم اور چناب کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے جبکہ راوی اور ستلج کے علاقوں میں اوسط درجے کی بارش متوقع ہے ۔اس بارش کے باعث چناب اور جہلم کے دریاﺅں میں اونچے اور انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے جبکہ پلکو , بیگ , ایک , بسنتر , بین , حسری ¾ جھاجھری , بھمبر اور بھنڈر کے نالوں میں بھی طغیانی آسکتی ہے ۔بیان کے مطابق اس فلڈ وارننگ میں تمام متعلقہ اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام ضروری حفاظتی انتظامات کریں ۔