ایتھنز(این این آئی)بحیرہ روم میں یونان کے قریب کشتی حادثے کے بعد حکام نے رشتہ داروں کے لیے ہاٹ لائن قائم کردی ہے۔گزشتہ ہفتے بدھ کے روز تارکین وطن سے بھری ایک کشتی، جو لیبیا سے اٹلی جا رہی تھی، یونانی ساحل سے 47 ناٹیکل میل دور ڈوب گئی۔حادثے میں اب تک 104 افراد کو بچایا جاسکا ہے،80 سے زائد لاشیں نکال لی گئیں۔ زندہ بچ جانے والوں کے بیانات کے مطابق، جہاز میں 750 افراد سوار تھے۔ان افراد میں 12 پاکستانی بھی شامل ہیں جنہیں پناہ گزین کارڈ جاری کیا جاچکا ہے۔
بچا کی کوششیں 23 جون تک بھی جاری تھیں، تاہم کشتی ڈوبنے کے ایک ہفتے سے زیادہ گزرنے کے بعد اب زندہ بچنے والوں کی تلاش کی امید دم توڑ گئی ہے۔کشتی حادثے کے متاثرین کی شناخت کے لیے یونان کی وزارت برائے ہجرت و پناہ میں ایک کال سینٹر قائم کیا گیا ہے۔لواحقین 00302131386000 پر فون کے ذریعے یا [email protected] پر ای میل کے ذریعےHellenic Disaster Victim Identification Teamسے رابطہ کر سکتے ہیں۔کال سینٹر سے انگریزی، عربی، پشتو اور اردو میں صبح 9 بجے سے شام 7 بجے کے درمیان رابطہ کیا جا سکتا ہے۔