اسلام آبا(نیوزڈیسک) پی آئی اے کا دعویٰ ہےکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اسے 2ارب 83کروڑ روپے کامجموعی منافع ہوا، تاہم سرکاری رپورٹ کے مطابق یہ دعویٰ محض نظروں کا دھوکا اور کھوکھلا ہے، کیونکہ ریکارڈ میں ظاہرکیےجانے والے منافع کی وجہ ایندھن کی قیمت میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 50فیصد تک کمی اور کچھ طیارے گراؤنڈ کرنا ہے۔جبکہ پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ درست ہے پی آئی اے کوخسارے کو سامنا رہا مگر عمومی آپریٹنگ منافع بھی منافع کہلاتا ہے ۔گزشتہ ہفتے پی آئی اے کی اعلیٰ انتظامیہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھاکہ ادار ے کو 2015کی پہلی سہ ماہی میں 2ارب 83کروڑ روپے کاخالص منافع ہوا ہے۔روزنامہ جنگ کے صحافی فخردرانی کی رپورٹ کے مطابق تاہم اسی عرصے میں قومی فضائی کمپنی کو ایک ارب 94کروڑ روپے کے خسارے کا بھی سامنا کرنا پڑا ، جبکہ سہ ماہی کے اختتام پر پی آئی اے کا خالص منافع27رب 96کروڑ روپے سے کم ہوکر 25ارب88کروڑ روپے ہوگیا۔ پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں اس کی آمدنی میں 6فیصد اضافہ ہوا۔ تاہم رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس کی پہلی سہ ماہی میں پی آئی اے کا خالص منافع27ارب 96کروڑ روپے تھا جوکہ رواں برس کم ہوکر 25ارب88کروڑ روپے ہوگیا۔ رواں برس ادارے نے ایندھن کی مد میں 7 ارب55کروڑ روپےخرچ ہوئےجبکہ گزشتہ برس کی پہلی سہ ماہی میں 14ارب73کروڑ روپے ایندھن کی مد میں خرچ کیے گئے، جس کا مطلب ہے کہ قومی فضائی کمپنی کو گزشتہ برس کے مقابلے میں اسی عرصے کے دوران 2ارب 8کروڑ روپے کم آمدنی ہوئی۔ پی آئی اے نے رواں برس کچھ طیاروں کا استعمال ترک کیا ہے اور ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے باعث اسے ایندھن کیلئے گزشتہ برس کے مقابلے میں 50فیصد سے بھی کم رقم خرچ کرنا پڑی ۔ جس سے ظاہر ہوتا ہےکہ اگر ایندھن کی قیمت میں کمی نہ ہوتی پی آئی اے کو بھاری نقصان ہوتا۔ پی آئی اے کو رواں برس ایک ارب 94کروڑ روپے کا خسارہ ہوا، جبکہ گزشتہ برس ایندھن کی مد میں 7.55ارب روپے بجائے 14.73ارب روپے کی ادائیگی کے باوجود خسارے کا حجم 1ارب98کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا۔ واضح رہےکہ ایوی ایشن ڈویژن کےترجمان شیر علی خان نے دیگر افسران کے ہمراہ گزشتہ ہفتے پریس کو وزیر اعظم کے مشیر خصوصی برائے ہوابازی کی جانب سے کی جانیوالی کوششوں سے آگاہ کیا تھا ۔ ان کاکہنا تھاکہ2014-15 میں قومی فضائی کمپنی کے خسارے میں 37فیصد کمی واقع ہوئی، 2013-14میں ٹیکس کی ادائیگی سے قبل پی آئی اے کے خسارے کا حجم 27.45ارب روپے تھاجوکہ 2014-15میں کم ہوکر 8.62ارب روپے رہ گیا۔ پی آئی اے کی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ یہ بات درست ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے اختتام پر پی آئی اے کو 1.94ارب روپے کے خسارے کو سامنا رہالیکن عمومی آپریٹنگ منافع بھی منافع کہلاتا ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ نے تصدیق کی کہ رواں مالی سال میں خالص آمدنی میں 2.08ارب روپے کی کمی ہوئی تاہم اس کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں ، انتظامیہ نےکہاکہ پہلی مرتبہ موجودہ انتظامیہ نے کئی انتظامی اخراجات میں کمی کی ہے اور ادارے کے خالص منافع میں اضافہ کیا ہے۔ انتظامیہ کاکہنا ہےکہ قرضوں پر بھاری سود کی ادائیگی کے باعث پی آئی اے کوخسارے کا سامنا کرنا پڑا۔