کراچی(نیوزڈیسک) وزیر دفاع اور پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزارت پانی و بجلی میں آڈٹ اعتراضات کو کرپشن یا گھپلے کہنا مناسب نہیں، نندی پور پاور پراجیکٹ کا 58ارب روپے کا پی سی ون منظور ہوا ،نندی پور پراجیکٹ میں معمولی سی تاخیر کے علاوہ کوئی بے قاعدگی نہیں ہوئی، این ایل سی اسکینڈل میں ملوث جنرلوں کیخلاف فوجداری کارروائی کی جاسکتی ہے، نیب اس معاملہ کا نوٹس لے، نیب کو selective کارروائیاں نہیں کرنی چاہئیں، رائل پام اسکینڈل یا ریلوے انجن خریدنے میں ملوث لوگوں کیخلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے،جسٹس (ر) طارق محمود نے کہا کہ دہشتگردی کو بڑا مسئلہ قرار دے کر کرپشن کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ۔ پی پی رہنما شہلا رضانے کہا کہ ہر دفعہ پیپلز پارٹی کو ہی قربانی کا بکرا بنایا جاتا ہے،نہال ہاشمی نے کہا کہ علی نواز شاہ کو ن لیگ نے سزا نہیں دی، نیب اور عدالتیں حکومت کے ماتحت نہیں ہیں۔انہوں نے ان خیالات کااظہارایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے کیا.خواجہ محمد آصف نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت پانی و بجلی میں آڈٹ اعتراضات کو کرپشن یا گھپلے کہنا مناسب نہیں ہوگا، آڈیٹر جنرل نے اپنی رپورٹ میں کرپشن یا گھپلے کے الفاظ استعمال نہیں کیے، پبلک اکائونٹس کمیٹی میں90 فیصد آڈٹ اعتراضات ختم ہوجاتے ہیں، ، آڈٹ اعتراضات درست کرنے کا طریقہ کار ہوتا ہے، جس وقت ان اعتراضات پر بات ہورہی ہوتی ہے وہاں آڈیٹر جنرل بھی موجود ہوتا ہے،