اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے حکومتی اتحاد سے الگ ہونے کے تأثر کو مسترد کرتے کہا کہ حکومت آئینی مدت پوری کرے گی اور پیپلز پارٹی آئینی مدت کی تکمیل تک حکومت میں رہے گی۔80 فیصد سیاستدان کرپٹ ہیں۔
“اردو نیوز “کو انٹرویو دیتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ ہم ن لیگ تھوڑی ہیں کہ پہلے چھ ماہ میں ہی کہہ دیں کہ مشکل حالات ہیں تو ’ہم یہ گئے‘ جیسے 2008 میں ہوا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان چھوٹے چھوٹے سیاسی اختلاف ضرور ہیں اور ہونے بھی چاہییں کیونکہ مرکزی قیادت پر دوسرے تیسرے درجے کی قیادت اور کارکنان کا دباؤ ہوتا ہے۔ لیکن اتنے اختلافات نہیں ہیں کہ ہم گالم گلوچ کی طرف چلے جائیں۔عام انتخابات میں ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹنٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ ’ہماری کوئی اتنی خواہش ہے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی اور نہ ہی ہم اس کے لیے مرے جا رہے ہیں۔ اس وقت ن لیگ کے ساتھ اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ اتنے فائدے میں نہیں ہے۔ گراؤنڈ پر صورت حال دیکھیں تو ن لیگ کی وہ صورت حال ہے جو 2013 کے انتخابات میں ہماری (پیپلزپارٹی) کی تھی۔