لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان ریلویز نے عید اور اِس سے اگلے روز”گرین لائن“(اسلام آباد/کراچی/اسلام آباد)کے کرائے میں بھی 25فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے۔ دریں اثناءعیدالاضحی کے لیے دس سپیشل ٹرینوں کا آغاز آج منگل 22ستمبر سے ہورہا ہے۔جب کراچی کینٹ سے لاہور، پشاور اور راولپنڈ ی کیلئے تین سپیشل ٹرینیں روانہ ہوں گی۔ تفصیل کے مطابق کراچی سے پہلی سپیشل ٹرین لاہور کے لیے صبح 11بجے، پشاورکے لیے دِن 12بجے اور راولپنڈی کے لیے 08:30بجے شب روانہ ہوگی۔ آج کوئٹہ سے راولپنڈی (براستہ ملتان،لاہور) صبح 11:30بجے روانہ ہوگی۔ بدھ 23ستمبرکو لاہور سے کراچی کے لیے (براستہ فیصل آباد، ملتان)سپیشل ٹرین شام 06:30بجے روانہ ہوگی۔ جمعرات 24ستمبر کو راولپنڈی سے ملتان کے لیے سپیشل ٹرین صبح 07:00بجے جبکہ لاہور کے لیے دو اسپیشل ٹرینیں صبح 08:30بجے اور دوپہر 02:30بجے روانہ ہوں گی۔ لاہور سے راولپنڈی کے لیے سپیشل ٹرینیں شام 05:15بجے اور شب 11:00بجے روانہ ہوںگی۔ سپیشل ٹرینوں کے کرایوں میں 10فیصد کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔