اسلام آباد( این این آئی )پاکستان اور روس میں تجارت کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ، خام تیل کی پاکستان آمد کے بعد پاک افغان بارڈر طورخم کے راستے روس سے ایل پی جی گیس کے 10 کنٹینرز بھی پاکستان پہنچ گئے۔تیل کے بعد ابتدائی مرحلے میں روس سے ایک لاکھ دس ہزار ٹن ایل پی جی گیس درآمد کی گئی جس کے پاکستان میں کنٹینرز کھڑے ہیں، یونٹس ملنے کے بعد گیس متعلقہ کمپنی کے حوالے کی جائے گی۔
اس حوالے سے گیس درآمد کرنے والے شخص نے ایل پی جی گیس کنٹینرز طورخم بارڈر تک پہنچنے کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ وہ گیس سلنڈر بھرنے والے یونٹس کا انتظامات کررہے ہیں جس کے بعد گیس ان یونٹس کے حوالے کیا جائے گا۔روس سے گیس ازبکستان کے شہر حیراتان تک ریل کے ذریعے پہنچائی جاتی ہے جس کو بعد میں ایران اور افغانستان سپلائی کیا جاتا ہے تاہم اب اس لسٹ میں پاکستان بھی شامل ہوگیا۔تاجروں کے مطابق روس سے گیس کی پہلے کھیپ پہنچنے کو بہت بڑی پیشرفت سمجھتے ہیں۔ سپلائی شروع ہونے سے کاروبار میں اضافہ ہوگا جس سے لوگوں کو روزگار اور شہریوں کو سہولت مہیا ہوگی۔اگر روس سے گیس تجارت کا یہ سلسلہ جاری رہا تو اگلے چند ہفتوں میں ایل پی جی کے نئے نرخوں کا تعین ہوگا اور قیمتوں میں ضروری کمی آئے گی۔