لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کی توانائی کی معروف کمپنی کے صدر یویانگنے ملاقات کی،جس میں قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں سی پیک کے تحت لگائے جانے والے سولر منصوبے پر ہونے والی پیشرفت پر بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے چینی کمپنی کے صدرسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین پاکستان کا انتہائی با اعتماد اور مخلص دوست ہے، چین کا پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں کردار لائق تحسین ہے اور پاکستان کے عوام چین کے تعاون و دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چین نے پاکستان کو توانائی بحران سے نکالنے کیلئے ہاتھ تھام کر دوستی کا حق نبھایا ہے۔چین کے صدر اور حکومت کی جانب سے سی پیک کے منصوبے پاکستان کے لیے عظیم تحفہ ہیں۔پاکستان کے عوام اور ہماری آئندہ نسلیں چین کے تاریخی اقتصادی پیکیج کو کبھی فراموش نہیں کرسکتیں۔انہوں نے کہاکہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت صرف 33ارب ڈالرکی سرمایہ کاری توانائی کے منصوبوں میں کی جا رہی ہے۔ سی پیک کے تحت چینی سرمایہ کاری سے 100 میگا واٹ کا سولر منصوبہ اگلے ماہ مکمل ہوگا۔توانائی کے متعدد منصوبے 2017کے آخر تک بجلی کی پیداوار دے رہے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں کام کررہی ہیں، چین اور پاکستان کی دوستی مضبوط معاشی تعاون میں بدل چکی ہے۔چین کا اربوں ڈالر کا اقتصادی پیکیج پاکستان میں ایک روشن معاشی مستقبل کی نوید ہے۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک کے تحت منصوبوں کی تکمیل میں دن رات ایک کردیں گے۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے پاکستان سمیت پورے خطے کے لوگ مستفید ہوں گے۔ چین کی سرمایہ کاری کی بدولت مختلف منصوبوں کے آغاز سے روز گار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔چین کے اقتصادی پیکیج پر عملدرآمد سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ منصوبوں کی تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔چین کی کمپنی سولر منصوبے کے تحت لگائے جانے والے پاورپلانٹ پر کام مزید تیز کرے۔ چین کی توانائی کی معروف کمپنی کے صدر یویانگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے منصوبوں میں شفافیت،برق رفتاری سے تکمیل اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا ہے اور ہم شہبازشریف کی شفافیت کی پالیسی کی دل سے قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہبازشریف کے عملی اقدامات صوبے میں نظر آ رہے ہیں اور ان کے ان عملی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے عوام مستفید ہو رہے ہیں