لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ملتوی کرنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کو فروری میں ویسٹ انڈیز کی ہوم سیریز میں میزبانی کرنی ہے جس میں 2ٹیسٹ اور 3ٹی ٹونٹی میچز شامل ہیں۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن سے متصادم ہے، پی ایس ایل کے لیے ونڈو 12فروری سے 10مارچ رکھی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق سیریز پی ایس ایل سے متصادم ہونے پر پی سی بی نے مختلف آپشنز پر غور کیا ہے اور یہ ہوم سیریز رمضان کے بعد اپریل کے وسط میں شروع کرنے پر بھی غور کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی ونڈو کے لیے پی سی بی نے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی ایل ٹی ٹونٹی کے شیڈول کے لیے ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے بھی رابطہ کر کے لیگ شیڈول سے 10 روز پہلے شروع کرنے کی درخواست کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی آئی ایل ٹی ٹونٹی کے لیے اپنے کھلاڑیوں کو اجازت دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔