اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے امریکا سے وضاحت مانگی ہے آیا امریکی پابندیوں کے اثرات پاک ایران گیس پائپ لائن پر مرتب ہو سکتےہیں،پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ فوری شروع کرنےکاعزم ہے۔
پاکستان چاہتا ہے کہ التواء کا شکار یہ دیرینہ منصوبہ عمل پذیر ہو ۔ جنگ اخبار میں خالد مصطفیٰ کی خبر کے مطابق وزارت توانائی کے ایک اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصہ میں متعلقہ امریکی حکام سے اس حوالے سے بارہا دریافت کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر مملکت مصدق ملک نے بھی اپنے حالیہ دورہ امریکا میں یہ معاملہ اٹھایا۔ وطن واپسی سے قبل قطر میں بھی امریکی حکام سے ملاقاتیں کیں۔وزیراعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی نے بھی امریکی ذمہ داران کے آگے معاملہ اٹھایا لیکن ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا۔پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا سے فوری جواب درکار ہے تاکہ اس انتہائی پروجیکٹ کے بارے میں جلد حتمی فیصلہ کر لیا جائے۔