اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کےلیے آئی ایم ایف کی رکی ہوئی امدادی قسط کی بحالی کے امکانات معدوم ہو تے جارہے ہیں اس تعطل کو ۜدورکرنے کےلیے طرفین پاکستان اورآئی ایم ایف کوسخت اقدامات کرنا ہوں گے ۔
جنگ اخبار میں مہتاب حیدر کی خبر کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ سےقبل جمود توڑنے کے لیے آخری کوششیں جارہی ہیں۔تاہم آئندہ چند دنوں تک بھی تعطل برقرار رہاتو آئی ایم ایف امدادی قسط کےاجراء کاامکان دم توڑ جائے گا توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف)کے تحت 6ارب 60کروڑ ڈالرز کے جاری پروگرام کی میعاد 30جون 2023ء کو پوری ہو جائے گی۔
پروگرام کے 9ویں جائزے کے لیے پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری ہے۔ جو گزشتہ سال 3نومبر کو لاگو ہوگیاتھا۔ تاہم رواں سال 31جنوری تا9فروری بات چیت کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ جس کی وجہ سے اسٹاف لیول ایگریمنٹ پردستخط نہیں ہوسکے۔ قومی بجٹ 9جون 2023ء کو متوقع ہے۔اس سے قبل سمجھوتہ نہ ہوا تو آئی ایم ایف کا امدادی پروگرام ناکام ہو جائے گا۔