واشنگٹن(نیوزڈیسک)ہمیں اس بات کا اچھی طرح علم ہے کہ خارش والی جگہ پر خارش کرنے اس کی شدت میں اضافہ ہوجاتا ہے لیکن ایسا کیوں ہوتا ہے۔ اس بات پر حال ہی میں واشنگٹن یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے تحقیق کی ہے اور پتہ لگایا ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے۔ چوہوں پر کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جب کسی جگہ خارش ہوتی ہے تو دماغ سمجھتا ہے کہ اس جگہ درد ہو رہی ہے اور اس درد کو کم کرنے کے لئے دماغ ایک خاص قسم کا مادہ ’’سیروٹنین‘ ‘خارج کرتا ہے لیکن جب یہ مادہ ریڑھ کی ہڈی میں پہنچتا ہے تو خارش بڑھ جاتی ہے۔ واشنگٹن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر زو پروفیسر فینگ چین کا کہنا ہے سائنسدانوں کو پہلے سے علم تھا کہ ’’سیروٹنین‘‘درد کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے لیکن یہ بات پہلی بار سامنے آئی ہے کہ خارش کی وجہ سے جب یہ مادہ خارج ہوتا ہے تو خارش میں شدت آجاتی ہے۔پروفیسر چین کا کہنا ہے کہ یہ ممکن ہے اس مادے کے اخراج او ر اعصابی نظام کو آپس میں ابلاغ سے روکا جائے اور اس طرح خارش کو کم کیا جائے تاہم متاثرلوگوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ جہاں خارش ہو رہی ہو اس جگہ کو زیادہ مت کھجائیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں