بیجنگ(نیوزڈیسک) پاکستان نے ایس سی اوکے رکن ممالک کو اپنی بندرگاہیں استعمال کرنے کی پیشکش کر دی۔پاکستان کی اس پیشکش کرنے پربھارت میں پریشانی لہردوڑ گئی ہے .یہ پیشکش وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے چین کے شہر ژیان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی ہے۔انھوں نے کہا کہ ایس سی کے رکن ممالک چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل کے بعد اپنی تجارت کے فروغ کے لئے پاکستانی بندرگاہوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری ایک پٹی اور ایک شاہراہ کی چھتری کے نیچے ایک تاریخی اقدام ہے، اور یہ کاشغر اور گوادر کے درمیان تجارتی مراکز کو ایک دوسرے سے ملائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تجارتی پالیسی اور حکمت عملی میں ہمسایہ ملکوں سے روابط اور باہمی تجارت کے فروغ کے اقدامات پرخصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے رابطوں کے ذریعے مشترکہ خوشحالی کے ویژن کے مطابق ہم نے کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں جن میں چین کرغزستان ، قازخستان اور پاکستان کے درمیان تجارتی نقل وحمل کے لئے چار فریقی معاہدے کی بحالی شامل ہے۔