لاہور( این این آئی)شوبز کو خیر باد کہنے والی گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ نے کہا ہے کہ میری زندگی کا اصل مقصد ہی دکھی انسانیت کی خدمت ہے ، میں سمجھتی ہوں اگر ہر شخص اس فلسفے کو سمجھ جائے تو پاکستان میں کروڑوں مستحق لوگوں کے مسائل حل ہو سکتے ہیں ۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رابی پیرزادہ نے کہا کہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد خدا کی ذات نے مجھے جس راستے پر ڈالا ہے یقینا یہی صحیح راستہ ہے ، مجھے جو روحانی سکون میسر آیا ہے اسے الفاظ نہیں دئیے جا سکتے ۔ میں سمجھتی ہوں یہی اصل منزل یہی تھی جہاں میں پہنچ چکی ہوں۔ انہو نے کہا کہ میں غریب لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے شب و روز کام کر رہی ہوں ، بہت سے منصوبے شروع کئے ہیں جن کی آمدن سے ان لوگوں کی مددہوتی ہے جو وسائل نہیں رکھتے۔ انہوںنے بتایا کہ عنقریب اپنی پینٹنگز اور خطاطی کی نمائش بھی لگائوں گی اور یہاں سے حاصل ہونے والی آمدنی کو بھی اسی مقصد کے لئے استعمال کیا جائے گا۔