اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ممتاز صنعتکار و ملتان اور ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس کے سابق صدر خواجہ جلال الدین رومی نے عیدالفطر پر اہل پاکستان اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے خصوصی پیغام میں ممتاز صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ
عیدالفطر اہل ایمان کیلئے یوم تشکر اور رمضان کی عبادتوں کا اعلیٰ ترین ثمر ہے۔ عید کے پرمسرت موقع پر سب کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر نادار اور بے کس افراد کا احساس سنت نبوی بھی ہے اور معاشرتی فرض بھی ہے۔ ہمیں اپنے اردگرد ضرورت مند لوگوں کا احساس ضرور کرنا چاہیئے اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے مقدور بھر کوشش کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عید کا دن باہمی الفت اور یگانگت کا پیغام بھی لاتا ہے۔ ایک دوسرے سے نفرتیں اور کدورتیں دور کرنے سے عید کی خوشیاں دوبالا ہو جاتی ہیں۔ خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ عید کے موقع پر وطن عزیز کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کو بھی یاد رکھنا چاہیئے اور ان کے اہل خانہ کو بھی خوشیوں میں شریک کیا جانا چاہیئے۔ انہو ں نے بتایا کہ جلال الدین رومی فاؤنڈیشن ملتان، ڈیرہ غازی خان اور سندھ سمیت متعدد علاقوں میں فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ جلال الدین رومی فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو نہ صرف پاکستان بلکہ غیر ملکی سفراء بھی سراہتے ہیں۔ فاؤنڈیشن نے گزشتہ سیلاب کے ایام میں قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔