لندن (نیوزڈیسک) وٹامن ڈی دماغی زوال کو سست کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔ ٹیلی گراف کے مطابق امریکی یونیورسٹی آف کیلی فورنیا اور رٹجرز یونیورسٹی کے سائنس دانوں کی 4سو افراد کی مشاہداتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 60سال سے زائد عمر کے افراد ڈیمنیشیا اور دماغی صلاحیت میں کمی روکنے کے لئے وٹامن دی استعمال کریں کیونکہ وٹامن ڈی کی کمی والے معمر افراد میں دوسروں کے مقابلے میں دماغی زوال کی شرح تین گنا تیز دیکھی گئی۔ وٹامن ڈی کیلشیم جذب کرنے میں معاون اور ہڈیوں کی صحت کے علاوہ سرطان، ذیابیطس اور ہڈیوں کے بھربھرے پن کی بیماری کے خلاف تحفظ دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سورج کی روشنی میں جسم وٹامن ڈی پیدا کرتا ہے حال ہی میں ایک سروے سے پتہ چلا کہ تقریباً 50فیصد افراد وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہیں جس کا سبب انڈورز رہنا اور سن بلاک کا استعمال ہے۔ گرچہ وٹامن ڈی تیل والی مچھلی جیسی خوراک میں ہوتا ہے تاہم زیادہ تر لوگ اس کا استعمال نہیں کر پاتے اور خطرے کا شکار ہیں۔