کوئٹہ(نیوز ڈیسک) کوئٹہ سمیت صوبے کے 32 اضلاع میں انسداد پولیو کی سہ روزہ قومی مہم آج تیسرے روز بھی جاری ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق یہ مہم آج تیسرے روز بھی کامیابی سے جاری ہے۔انسداد پولیو کی ٹیمیں گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلا رہی ہیں ، کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں صحت کے بنیادی مراکز ، اور دیہی مراکز ریلوے اسٹیشنوں اور بس اور ویگن اڈوں پر بھی پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ دوران سفر کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔محکمہ صحت کی جانب مجموعی طور پر 24 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔قومی انسداد پولیو مہم کاآج آخری روز ہے، تاہم کسی بھی وجہ سےرہ جانےوالےبچوں کوجمعرات کےروز بھی ویکسین پلائی جائےگی۔دوسری جانب مہم کے حوالے سے سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات بھی کئے گئے ہیں ،کوئٹہ شہر میں اس حوالے سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔