ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس پر ایک لاپرواہ شخص کی ویڈیو کلپ بڑے پیمانے پر پھیلائی گئی ہے۔ سعودی میڈیارپورٹس کے مطابق اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پورا خاندان حادثہ کا شکار ہونے سے اس وقت بال بال بچ گیا جب ایک لاپرواہ ڈرائیور انتہائی تیزی سے کار چلاتا دکھائی دیا۔
یہ فورڈ کار تھی۔ اسی مناسبت سے کار ڈرائیور کی مذمت میں سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ فورڈ شیفرڈ ٹرینڈ کردیا گیا۔ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک کراس کرتے ہوئے باپ اپنے بچوں کو بچانے کی کوشش کرتا نظر آیا اور انہیں کراس کرنے کے بعد باپ زمین پر گر گیا۔ انتہائی حیران کن طور پر سعودی شہری گاڑی کے پہیوں تلے آنے سے بچ گیا۔ کار کا مالک رات کے وقت بھی گاڑی کی لائٹس بجھا کر ڈرائیونگ کر رہا تھا اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہا تھا۔اس کلپ کے حوالے سے سعودیوں نے سوشل میڈیا پر شدید غصہ کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے کار ڈرائیور کو اس کی لاپرواہی، تیز رفتاری اور لائٹس بند کرنے کے باعث خطرناک قرار دیا اور اس صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا۔ کیونکہ اس کی لاپرواہی اور لائٹس بند کرنے کی وجہ سے ہی والد اپنے بچوں کو سڑک عبور کرانے کی کوشش میں کار کو دیکھ نہیں سکا تھا۔سوشل میڈیا صارفین نے مزید کہا کہ والد نے اپنے بچوں کو بھاگنے سے بچانے کے لیے اپنی استطاعات کے مطابق سب کچھ کیا۔ لوگوں نے مطالبہ کیا کہ اس “فورڈ شیفرڈ” کو اس کے غلط رویہ کی کڑی سزا دی جائے۔واضح رہے جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو رات کے وقت گاڑی چلاتے ہوئے گاڑیوں کی لائٹس آن نہ کرنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ اس ضابطے کی خلاف ورزی کی سزا 3 ہزار سے لیکر 6 ہزار ریال تک ہوسکتی ہے۔