مکوآنہ ( این این آئی ) پاکستان کی ٹیکسٹائل کی برآمدات میں رواں مالی سال میں تین ارب ڈالر کی کمی کا امکان ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات 19.4 ارب ڈالر تھیں۔آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے وزیراعظم شہباز شریف کو لکھے گئے
خط میں کہا ہے کہ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں کمی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور فروری میں برآمدات 1.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جو کہ گزشتہ سال کے اسی ماہ رجسٹرڈ ہونے والی برآمدات سے 28 فیصد کم ہیں۔اپٹما نے کہا کہ 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے ذریعے اضافی صلاحیت نصب کی گئی ہے لیکن فاریکس کے مسائل اور توانائی کی عدم دستیابی کی وجہ سے ابھی تک کام نہیں کر سکی ہے۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ برآمدات میں کمی خام مال، ضروری سپیئر پارٹس کی درآمد پر پابندی، مسابقتی قیمتوں پر توانائی کی مناسب فراہمی کی کمی اور سیلز ٹیکس ریفنڈ سسٹم کی ناکامی کا نتیجہ ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ 50 فیصد انڈسٹری اب ان وجوہات کی وجہ سے بند ہے۔