اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پارکنگ میں کھڑی میری خالی گاڑی پر حملہ کرکے شیشے توڑے گئے۔اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ 18مارچ کی طرح پھر ہمارے کارکنوں پر حملے کیے گئے،
ہمارے فوٹوگرافر پر حملہ کیا گیا، پولیس اور سادہ لباس افراد نے گرفتار کیا۔عمران خان نے کہا کہ تشدد اور اغوا سے پر امن شہریوں کو مشتعل کرنے کی انتہا ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ فاشزم آئی جی اسلام آباد کی ایما پر کیا جارہا ہے، یہ سب پی ٹی آئی کے حامیوں میں خوف پیدا کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔دریں اثناء ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور دیگر مقدمات میں گرفتاریاں کی گئی ہیں، عمران خان کی دونوں گاڑیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ترجمان پولیس کے مطابق سیاسی رہنماؤں کی کسی گاڑی کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔اگر کوئی اس طرح کے واقعے کی رپورٹ موصول ہوئی تو پولیس تفتیش عمل میں لائی جائے گی۔پولیس کے مطابق دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور دیگر مقدمات میں 38 افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔ترجمان پولیس نے کہا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔