اسلام آباد( این این آئی )وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی نے کہا ہے کہ انسانی ہمدردی کے طور پر دیکھ بھال نواز شریف کا حق ہے، جیل میں ڈاکٹرز موجود ہیں تاہم مسلسل ہسپتال منتقلی کا کہا جا رہا تھا۔نواز شریف کی جیل سے ہسپتال منتقلی اور اپوزیشن کے لیے این آر او کی خبروں پر اپنے رد عمل میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ عمران خان کبھی بھی این آر او نہیں دیں گے۔
عمران خان نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا آج بھی اس پر قائم ہیں، عوام سے وعدہ ہے کہ لوٹی ہوئی دولت پاکستان واپس آئے گی۔نواز شریف کی علالت سے متعلق انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کے کہنے پر ان کو ہسپتال منتقل کیا گیا ، سسٹم کو آگے چلانے کے لیے حکومت کو ایسے فیصلے بھی کرنے پڑتے ہیں۔افتخار درانی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اسمبلی میں اداروں کو بلیک میل کرنے آتی ہے۔