اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم کے زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، پی آئی سی واقعہ پر کور کمیٹی کے ارکان نے افسوس کا اظہار کیا اور بعض ارکان نے انتظامیہ کی طرف سے ایکشن میں تاخیر پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا، وزیراعظم اور کور کمیٹی کے ارکان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پی آئی سی پرحملہ کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے،
وزیرِ اعظم عمران خان نے جمعرات کو ساڑھے 9 بجے سعودی عرب روانہ ہونا تھا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ رات بھی وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی تھی۔وزیرِ اعظم عمران خان نے گزشتہ روز لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہنگامہ آرائی کے حوالے سے اسلام آباد میں اجلاس طلب کر رکھا تھا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے واقعے میں ملوث ذمہ داروں کا فوری تعین کر کے کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا ہے اور کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیں گے۔