کیا 44ارب روپے رقم نہیں

11  جولائی  2017

آپ صورتحال ملاحظہ کیجئے۔میاں نواز شریف کے فلیٹس کا قصہ 1970ءکی دہائی میں شروع ہوا‘ شریف فیملی کا دعویٰ ہے ہم نے ستر کی دہائی میں قطر کے شاہی خاندان کو بارہ ملین درہم سرمایہ کاری کےلئے دیئے تھے‘ یہ رقم اس دور میں چھ سات کروڑ روپے بنتی تھی‘ یہ آج کے دور میں 35 کروڑ ہو چکی ہے‘ قطری شہزادے حمد بن جاسم کے مطابق ہم لندن میں بے شمار جائیدادوں کے مالک ہیں‘ ہمارے شریف فیملی کے ساتھ

خاندانی مراسم ہیں‘ میرے سب سے بڑے بھائی نے شریف خاندان کو ایون فیلڈ ہاﺅس پارک لین لندن کے تین فلیٹس میں رہائش کی اجازت دی ‘ یہ لوگ ان فلیٹس میں رہائش پذیر رہے‘ ہم نے 2006ءمیں یہ تینو ں فلیٹس آف شور کمپنیوں سمیت حسین نواز کے نام منتقل کر دیئے‘ شہزادہ حمد بن جاسم نے یہ بیان تحریری خط کی شکل میں سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرایا‘ یہ خط قطر کی حکومت اور پاکستانی سفارت خانہ سے تصدیق شدہ تھا‘ سپریم کورٹ نے 5مئی 2017ءکو فلیٹس کی تحقیقات کےلئے جے آئی ٹی بنائی‘ شہزادہ حمد بن جاسم نے جے آئی ٹی کو بھی لکھ کر دے دیا ”میں اپنے خط کی تصدیق کرتا ہوں“ شہزادہ جے آئی ٹی کی تفتیش کےلئے بھی تیار تھا لیکن جے آئی ٹی کی خواہش تھی شہزادہ پاکستان آئے اور شریف فیملی کی طرح باقاعدہ جوڈیشل اکیڈمی میں پیش ہو کر تفتیش کا سامنا کرے مگر شہزادہ پاکستان آنے کےلئے تیار نہیں تھا تاہم اس نے جے آئی ٹی کو دوہاآنے کی دعوت دے دی‘ یہ شرط جے آئی ٹی کو قبول نہیں تھی یوں یہ معاملہ پھنس گیا‘ یہ پانامہ ایشو کی واحد منی ٹریل کی بیک گراﺅنڈتھی‘ ہم اس بیک گراﺅنڈ کی بنیاد پر فرض کر لیتے ہیں‘ شریف فیملی کا دعویٰ غلط ہے‘ میاں شریف نے قطری خاندان کو کوئی رقم نہیں دی یا یہ 12ملین درہم قانونی طریقے سے دوبئی سے قطر اور قطر سے لندن نہیں گئے یا پھر یہ فلیٹس 2006ءکی بجائے 1993ءمیں خریدے گئے تھے

اور یہ تمام ترسیلات ”منی لانڈرنگ“ تھی‘ ہم یہ بھی فرض کر لیتے ہیں یہ فلیٹس 12 ملین درہم کی بجائے ایک ارب روپے میں خرید گئے تھے اور شریف فیملی نے یہ رقم ہنڈی کے ذریعے لندن بھجوائی تھی اور ہم یہ بھی فرض کر لیتے ہیں حدیبیہ پیپر مل اور التوفیق بینک کے تمام انکشافات بھی حقیقت ہیں اور شریف فیملی ماضی میں منی لانڈرنگ کرتی رہی‘ ہم اگریہ تمام مفروضے مان بھی لیں تو بھی دو باتیں سامنے آئیں گی‘ یہ رقم ایک دو ارب روپے سے زیادہ نہیں تھی اور یہ جرم منی لانڈرنگ تک محدود تھا اور یہ رقم رشوت‘

کک بیکس یا کمیشن نہیں تھی‘ کیوں؟ کیونکہ یہ ثابت کرنا تقریباً ناممکن ہو گا جبکہ میں اس کے مقابلے میں ایک ایسا کیس بار بار قوم کے سامنے لا رہا ہوں جس میں مزدوروں اورچھوٹے ملازمین کی پنشن کے 44 ارب روپے لوٹ لئے گئے تھے‘ یہ رقم سرکاری خزانے سے اڑائی گئی لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ‘یہ ای او بی آئی کا 44 ارب روپے کا سکینڈل ہے اور یہ شریف خاندان کے تین فلیٹس کے مقابلے میں ہزار گنا بڑا ایشو ہے لیکن آپ ریاستی اداروں کی ترجیحات دیکھ لیجئے‘

شریف فیملی کے تین فلیٹس کےلئے سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ بنا‘ سپریم کورٹ تاریخ میں پہلی بار ٹرائل کورٹ بنی‘ یہ کیس پہلے تین ماہ 24 دن عدالت میں چلا‘ پوری قوم ٹیلی ویژن پر تماشہ دیکھتی رہی‘ پھر یہ کیس وزیراعظم کو گاڈ فادر قرار دے کر جے آئی ٹی کے حوالے کر دیا گیا‘ جے آئی ٹی نے 62 دنوں میں 56 سماعتیں کیں‘ سماعتوں کے دوران جوڈیشل اکیڈمی کے سامنے روزانہ تھیٹر لگتا رہا‘ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف ایک دوسرے اور ریاستی اداروں پر الزامات دھرتی رہیں‘

سپریم کورٹ تک کے کردار کو مشکوک قرار دے دیا گیا‘ الزام بازی کے اس بازار میں ملک اور معیشت کا دیوالیہ نکل گیا لیکن فلیٹس کی منی ٹریل نہ نکل سکی‘ یہ کیس ابھی ختم نہیں ہوا‘ یہ مزید چلے گا‘ یہ 2018ءکے الیکشنوں تک جائے گا جبکہ اس کے مقابلے میں ای او بی آئی کا کیس ہزار گنا بڑا تھا‘ اس میں حقیقتاً سرکاری خزانہ لوٹا گیا تھا اور اس لوٹ مار میں ملک کی چار بڑی سیاسی جماعتیں‘ بیورو کریسی‘ آرمی چیف کے بھائی اور چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے رشتے دار شامل تھے‘

وزیراعظم نے اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے ‘ یہ کیس براہ راست سپریم کورٹ نے شروع کیا تھا لیکن سپریم کورٹ کے سوموٹو نوٹس کے باوجود مجرم گرفتار ہوئے‘ منی ٹریل سامنے آئی اور نہ سرکاری خزانے سے لوٹی رقم واپس آئی‘ یہ کیس آج بھی سپریم کورٹ کے سرد خانوں میں انصاف کی گرم نگاہوں کا منتظر ہے۔ہمیں آج ماننا ہوگا ہم نے 12 ملین درہم کو ایشو بنا کر وزیراعظم کی عزت مٹی میں ملا دی لیکن پاکستان کا کوئی ادارہ44 ارب روپے لوٹنے کے باوجود آج تک ظفر گوندل کا بال تک بیکا نہیں کر سکا‘

ایف آئی اے تک تحقیقات مکمل نہیں کر سکی‘ ظفر گوندل کی تفتیش نہیں ہو سکی‘ کیوں؟ آخر کیوں؟ اس کیوں کا جواب بہت دلچسپ ہے‘ ظفر گوندل شاطر بھی ہے اور ریاست کے تمام اہم ستون بھی اس کے ساتھ ہیں چنانچہ یہ خزانے کو 44 ارب روپے کا نقصان پہنچا کر بھی گھر بیٹھا ہے جبکہ 12 ملین درہم کا ”گاڈ فادر“ پورے خاندان سمیت عدالتوں‘ تفتیشی ٹیم اور میڈیا میں دھکے کھا رہا ہے‘ آپ ظفر گوندل کا کمال ملاحظہ کیجئے‘ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 29 جون 2013ءکو سوموٹو نوٹس لیا‘

کنور واحد خورشید نے کراچی میں ایف آئی کے سامنے تمام سچ اگل دیئے‘ ظفر گوندل اور کنور واحد خورشید نے یہ 18 جائیدادیں کس کس سے کن شرائط پر خریدیں اور کس نے کتنی رقم بنائی‘یہ تمام حقائق سامنے آ گئے‘ ایف آئی اے نے ملزمان کی گرفتاری کےلئے چھاپے مارنا شروع کر دیئے‘ ظفر گوندل سکھر فرار ہو گیا‘ یہ وہاں ایک سیاسی لیڈر کے پاس پناہ گزین ہو گیا‘ ایف آئی اے گرفتاری کےلئے چھاپے مارتی رہی اور یہ وہاں چھپا رہا‘ ظفر گوندل نے اس دوران اپنا موبائل فون ڈرائیور کے ذریعے بلوچستان میں تفتان بارڈر تک پہنچا دیا اور ساتھ ہی یہ خبر پھیلا دی ”ظفر گوندل ایران فرار ہوگیا“ مگر ایف آئی اے جھانسے میں نہ آئی‘

یہ اس دوران ”پروٹیکشن بیل“ لے کر وکلاءکے جلوس میں ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو گیا‘ پروٹیکشن بیل کے دوران تفتیش ممکن نہیں ہوتی چنانچہ ایف آئی اے ظفر گوندل سے تفتیش نہ کرسکی‘ یہ 23 ستمبر 2014ءکو سپریم کورٹ پیش ہوا‘ ایف آئی اے نے ساری کہانی جج صاحب کے سامنے رکھ دی‘ سپریم کورٹ نے ضمانت منسوخ کر دی‘ یہ اپنے وکیلوں کے ساتھ بھاگ کر سپریم کورٹ بار میں پناہ گزین ہو گیا‘ بار کے صدر نے تین گھنٹے بعد اسے زبردستی باہر نکالا اور یوں یہ اسلام آباد میں پولیس کی حراست میں چلا گیا‘

پولیس نے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا‘ اب ایف آئی اے کی ٹیم لاہور تھی‘ ٹرائل کورٹ بھی لاہور میں تھی مگر ملزم راولپنڈی میں تھا‘ ایف آئی اے ظفر گوندل کو مہینوں لاہور نہیں بلا سکی‘ یہ جب بھی راولپنڈی سے لاہور لے جایا جاتا تھا‘ راستے میں جیل کی گاڑی ”خراب“ ہو جاتی تھی اور یہ واپس جیل پہنچا دیا جاتاتھا‘ یہ جس دن لاہور پہنچ جاتا تھا اس دن جج صاحب ”چھٹی“ پر ہوتے تھے‘ ظفر گوندل کا کیس ہرمرتبہ مخصوص مسلک کے منصفوں کے پاس لگتا رہا اور یہ ہمیشہ بے چارہ ثابت ہوتا رہا‘

یہ اس دوران بے شمار مرتبہ ”بیمار“ بھی ہوا‘ یہ بیماری بھی عدالت میں اس کی حاضری کے راستے میں رکاوٹ بنتی رہی‘ ایف آئی اے کے دو ڈائریکٹر جنرل اس کے سفارشی تھے‘ یہ دباﺅ ڈالتے رہے لیکن انسپکٹروں کے ایمان میں دراڑ نہ آئی‘ یہ ڈٹے رہے لیکن پھر یہ بے چارے بھی ہار گئے‘ سسٹم جیت گیا‘ ایف آئی اے کے افسروں نے ظفر گوندل سے تفتیش کے بغیر لکھ کر دے دیا‘ ہم ”منی ٹریل“ تلاش نہیں کر سکے یوں خزانے کو 44 ارب روپے کا ٹیکہ لگانے والا شخص 30 جنوری 2017ءکو ضمانت پر گھر چلا گیا‘ یہ اب مزے کی زندگی گزار رہا ہے‘

ظفر گوندل نے چند دن پہلے بیان جاری کیا میں نے جو جائیدادیں خریدی تھیں وہ اب سو ارب روپے کی ہو گئی ہیں‘ واہ کیا استدلال ہے؟ یہ استدلال قتل کا ہر ملزم عدالت میں پیش کر کے باعزت بری ہو سکتا ہے‘ یہ جج صاحب سے درخواست کرے جناب مقتول نے کسی نہ کسی دن مر ہی جانا تھا‘ میں نے مار دیا تو کیا خرابی کی‘ عدلیہ کو چاہیے یہ اس نقطے کو ”گوندل آرگومنٹ“ قرار دے کر قانون کا حصہ بنا دے تاکہ مستقبل میں انصاف آسان ہو جائے۔آپ سسٹم کا کمال ملاحظہ کیجئے‘

ہم ایک طرف شریف خاندان کی چالیس سال پرانی منی ٹریل تلاش کر رہے ہیں اور دوسری طرف ظفر گوندل کی تین سال پرانی منی ٹریل فائلوں میں دبی پڑی ہے‘ ہم ایک طرف شریف فیملی کے خلاف پاکستان‘ دوبئی‘ قطر اور لندن میں تحقیقات کر رہے ہیں‘ ہم نے 12 ملین درہم کےلئے جے آئی ٹی بنا دی اور ہم نے پورے خاندان کو جوڈیشل اکیڈمی بلا لیا لیکن دوسری طرف خزانے سے 44 ارب روپے لوٹنے والا اسلام آباد میں دندناتا پھر رہا ہے اور سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود ایف آئی اے اس سے تفتیش نہیں کر سکی‘

شریف فیملی کا کیس جرمنی کے ایک اخبار نے کھولا‘ ہم نے اسے تاریخ کا سیریس ترین کیس بنا دیا اور دوسری طرف ظفر گوندل کا کیس سپریم کورٹ نے شروع کیا اور یہ کیس سپریم کورٹ کی فائلوں ہی میں گم ہو کر رہ گیا‘ کیوں؟ یہ کیا ہے اور کیا ہم 44 ارب روپے کو رقم نہیں سمجھتے اور کیا یہ کرپشن نہیں؟ اگر نہیں تو پھر مہربانی فرما کر کرپشن کی نئی تعریف وضع کر دیں تاکہ قوم کو احتسابی مغالطے سے نکلنے میں آسانی ہو جائے۔



کالم



رِٹ آف دی سٹیٹ


ٹیڈکازینسکی (Ted Kaczynski) 1942ء میں شکاگو میں پیدا ہوا‘…

عمران خان پر مولانا کی مہربانی

ڈاکٹر اقبال فنا کوہاٹ میں جے یو آئی کے مقامی لیڈر…

بھکارستان

پیٹرک لوٹ آسٹریلین صحافی اور سیاح ہے‘ یہ چند…

سرمایہ منتوں سے نہیں آتا

آج سے دس سال قبل میاں شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ…

اللہ کے حوالے

سبحان کمالیہ کا رہائشی ہے اور یہ اے ایس ایف میں…

موت کی دہلیز پر

باباجی کے پاس ہر سوال کا جواب ہوتا تھا‘ ساہو…

ایران اور ایرانی معاشرہ(آخری حصہ)

ایرانی ٹیکنالوجی میں آگے ہیں‘ انہوں نے 2011ء میں…

ایران اور ایرانی معاشرہ

ایران میں پاکستان کا تاثر اچھا نہیں ‘ ہم اگر…

سعدی کے شیراز میں

حافظ شیرازی اس زمانے کے چاہت فتح علی خان تھے‘…

اصفہان میں ایک دن

اصفہان کاشان سے دو گھنٹے کی ڈرائیور پر واقع ہے‘…

کاشان کے گلابوں میں

کاشان قم سے ڈیڑھ گھنٹے کی ڈرائیو پر ہے‘ یہ سارا…