اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے،
تاہم میچ کے اختتام پر انہوں نے ایسا اقدام کیا جسے کرکٹ حلقوں میں سراہا جارہا ہے۔ویرات کوہلی نے انہیں صفر پر پویلین بھیجنے والے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہنری کو اپنی جرسی بطور تحفہ پیش کردی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں میٹ ہنری نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 6 بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر نے بھارتی اننگز کے پہلے ہی اوور میں روہت شرما، ویرات کوہلی اور شریاس ائیر کو پویلین بھیج کر اوور ہیٹ ٹرک مکمل کی، جس سے بھارتی ٹیم ابتدا ہی میں شدید دباؤ کا شکار ہوگئی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ول ینگ کی 125 رنز کی عمدہ اننگز اور ٹم سائفرٹ کے 58 رنز کی بدولت مجموعی اسکور 333 رنز تک پہنچایا تھا۔ جواب میں بھارتی بیٹنگ لائن تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی اور پوری ٹیم صرف 89 رنز بناسکی، یوں اسے 244 رنز کے بڑے فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اگرچہ اس میچ میں ویرات کوہلی کی ٹیم کو بھاری ناکامی ہوئی، لیکن انہوں نے میٹ ہنری کو اپنی جرسی پیش کرکے کھیل کے میدان میں حریف کھلاڑیوں کے لیے احترام اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی ایک مثال قائم کردی۔
View this post on Instagram



















































