اسلام آباد(نیوز ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے یکم اکتوبر سے نافذ ہونے والی نئی بین الاقوامی سیریز کے لیے کھیل کے قوانین میں کئی نمایاں ترامیم متعارف کرا دی ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق تازہ تبدیلیوں کا مقصد میچز کے دوران وقت کے ضیاع کو روکنا، گیند کے معیار میں یکسانیت برقرار رکھنا اور فیلڈنگ سے متعلق قواعد کو مزید واضح کرنا ہے۔مردوں کی کرکٹ میں بیٹر کو مقررہ وقت کے اندر اگلی گیند کھیلنے کے لیے تیار ہونا ہوگا۔ خلاف ورزی کی صورت میں پہلی مرتبہ وارننگ دی جائے گی، جبکہ دوسری خلاف ورزی پر آخری تنبیہ ہوگی۔ تیسری اور اس کے بعد ہونے والی ہر خلاف ورزی پر فیلڈنگ کرنے والی ٹیم کو 5 اضافی رنز دیے جائیں گے۔آئی سی سی کے نئے ضوابط کے تحت اگر خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا تو متعلقہ کھلاڑی کے خلاف ضابطہ اخلاق کے تحت مزید کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب خواتین کی بین الاقوامی کرکٹ میں استعمال ہونے والی گیند کے وزن اور سائز کے حوالے سے بھی مخصوص معیار مقرر کیے گئے ہیں۔ مردوں، خواتین اور جونیئر کرکٹ کے لیے گیند کی الگ خصوصیات طے کی گئی ہیں تاکہ کھیل کے معیار میں یکسانیت برقرار رہے۔آئی سی سی نے ڈے ٹائم ٹیسٹ میچز میں گلابی گیند کے استعمال کا تجربہ بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد مختلف حالات میں گیند کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے۔ٹیسٹ کرکٹ کے آخری اوور سے متعلق قانون میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ نئے طریقہ کار کے مطابق اگر دن کے آخری اوور میں وکٹ گر جائے تو کھیل فوری طور پر ختم نہیں ہوگا، بلکہ مقررہ اوور مکمل کیا جائے گا۔



















































