اسلام آباد (نیوزڈ یسک) پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق نے پہلی مرتبہ ایک انٹرویو میں اپنی ازدواجی زندگی،
شوہر سے علیحدگی اور مبینہ بے وفائی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی ہے۔ثانیہ اشفاق نے دعویٰ کیا کہ انہیں تیسرے بچے کی پیدائش سے قبل حمل کے دوران بھی شوہر کی جانب سے مبینہ بے وفائی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق عماد وسیم انہیں بچوں سمیت انگلینڈ لے گئے اور بعد ازاں اپنی والدہ کے گھر چھوڑ دیا۔ثانیہ کا کہنا تھا کہ عماد وسیم نے اس موقع پر مؤقف اختیار کیا کہ دونوں میاں بیوی کو کچھ عرصے کے لیے ایک دوسرے سے فاصلے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق بعد میں عماد وسیم نے علیحدگی کا فیصلہ ظاہر کیا جبکہ وہ اپنے تینوں بچوں کے ہمراہ والدہ کے گھر مقیم تھیں۔سابق اہلیہ نے الزام عائد کیا کہ اسی عرصے کے دوران عماد وسیم سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ کے ساتھ وقت گزار رہے تھے اور ان کا دعویٰ ہے کہ کرکٹر نے اس سے قبل ہی ایک دوسری خاتون کے ساتھ تعلق قائم کرلیا تھا۔ثانیہ اشفاق کے مطابق جب عماد وسیم اور نائلہ راجہ کے مبینہ تعلقات سے متعلق باتیں سامنے آئیں تو مختلف افراد نے انہیں پیغامات بھیجے اور نائلہ راجہ کے حوالے سے متعدد دعوے کیے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی ذمہ داری صرف نائلہ راجہ پر عائد نہیں کی جاسکتی بلکہ ان کے مطابق عماد وسیم بھی اس صورتحال کے برابر ذمہ دار ہیں۔ثانیہ اشفاق کا کہنا تھا کہ انہوں نے آخری وقت تک اپنی ازدواجی زندگی کو بچانے کی کوشش کی، تاہم ان کے بقول عماد وسیم نے ان کے اور بچوں کی خاطر رشتہ برقرار رکھنے میں دلچسپی نہیں دکھائی۔واضح رہے کہ مذکورہ تمام الزامات اور دعوے ثانیہ اشفاق نے اپنے انٹرویو میں بیان کیے ہیں۔ اس خبر میں عماد وسیم یا نائلہ راجہ کا مؤقف شامل نہیں کیا گیا، اس لیے ان دعووں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔



















































