ڈھاکہ(این این آئی)بنگلہ دیش نے ایک بار پھر آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کیلئے بھارت جانے سے انکار کرتے ہوئے اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا اعلان کیا اور آئی سی سی کو وارننگ جاری کردی ہے کہ بی سی بی کسی صورت اپنے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے نائب صدر سخاوت حسین نے ایک اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش اپنے میچوں کے لیے بھارت نہیں جائے گا اور وینیو کی تبدیلی کے حوالے سے اختیار کیا گیا مؤقف برقرار رکھا جائے گا۔
انہوںنے کہاکہ بی سی بی مثبت نتائج کے لیے پْرامید ہے اور اس معاملے پر آئی سی سی کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔سخاوت حسین نے دوٹوک انداز میں کہا کہ وینیو تبدیلی کے معاملے پر ہم اپنے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم بھارت نہیں جا رہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی سی بی اپنا مؤقف واضح طور پر آئی سی سی کے سامنے رکھ چکا ہے اور اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل متبادل وینیو تلاش کر رہی ہے۔نائب صدر بی سی بی نے کہا کہ بات چیت کا دروازہ اب بھی کھلا ہے تاہم بورڈ اپنی سوچ اور فیصلے میں مکمل طور پر قائم ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ایونٹ میں اب زیادہ وقت باقی نہیں رہا، اس لیے آئندہ دنوں میں یہ دیکھنا ہوگا کہ اس صورتحال کا حتمی حل کس طرح نکالا جاتا ہے۔واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر کر رہے ہیں، تاہم بنگلہ دیش کی جانب سے بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار کے بعد ایونٹ کے شیڈول اور وینیوز کے حوالے سے پیچیدگیاں پیدا ہو گئی ہیں۔















































