اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کابل: افغان کرکٹ کے تجربہ کار کھلاڑی محمد نبی نے اپنے صاحبزادے حسن عیسیٰ خیل کے ساتھ بنگلادیش پریمیئر لیگ میں ایک ہی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے کرکٹ کی تاریخ میں ایک انوکھا ریکارڈ قائم کر دیا۔ یہ یادگار لمحہ اس وقت سامنے آیا جب دونوں نوکھالی ایکسپریس کے لیے ایک ساتھ میدان میں اترے۔میچ کے دوران حسن عیسیٰ خیل نے والد کے ساتھ چوتھی وکٹ پر 53 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ 19 سالہ نوجوان بیٹر نے اعتماد سے بھرپور اننگز کھیلتے ہوئے 60 گیندوں پر 92 رنز بنائے اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
محمد نبی اور حسن عیسیٰ خیل کی جوڑی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی ٹیم میں کھیلنے والی باپ بیٹے کی جوڑی قرار پائی، جسے عالمی کرکٹ حلقوں میں خاص توجہ حاصل ہوئی۔میچ کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے محمد نبی نے کہا کہ اپنے بیٹے کے ساتھ کھیلنا ان کے لیے نہایت خوشی اور فخر کی بات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ طویل عرصے سے اس موقع کے منتظر تھے، بیٹے کو پیشہ ور کرکٹر بنانے کے لیے محنت کی گئی اور اس نے ڈیبیو میچ میں شاندار کارکردگی دکھائی۔
محمد نبی کے مطابق میچ سے ایک دن قبل دونوں نے تقریباً 90 منٹ تک بھرپور تیاری کی، جس دوران انہوں نے حسن کو ممکنہ بولنگ کے حوالے سے آگاہ کیا۔حسن عیسیٰ خیل نے کہا کہ ان کا اور والد کا رشتہ دوستانہ ہے، تاہم ٹریننگ کے دوران والد نظم و ضبط پر سختی سے عمل کرواتے ہیں۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ افغانستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا ان کا سب سے بڑا خواب ہے۔واضح رہے کہ اس مقابلے میں نوکھالی ایکسپریس نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ڈھاکا کیپیٹلز کو 41 رنز سے شکست دے دی۔















































