راولپنڈی(این این آئی)بابراعظم نے ٹی20انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سہ فریقی سیریز کے دوران زمبابوے کے خلاف میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5وکٹوں پر195رنز بنائے، جس میں اوپنر صاحبزادہ فرحان اور بابراعظم نے نصف سنچریاں بنائیں اور ٹیم کو بڑے اسکورتک رسائی میں کلیدی کردار ادا کیا۔بابراعظم نے 52گیندوں پر7چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 74رنز بنائے تاہم یہ ان کے کیریئر کی 38ویں نصف سنچری ہے، اس سے قبل بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے سب سے زیادہ 38نصف سنچریوں کا ریکارڈ بنایا تھا۔
بابراعظم نے 134میچوں کی 127اننگز میں 38نصف سنچریاں بنائیں اورانہیں ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ 4ہزار 392رنزبنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے اور اس کے علاوہ 3سنچریوں کے ساتھ 50یا اس سے زائد رنز کی سب سے زیادہ اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ویرات کوہلی نے 125میچوں کی 117اننگز میں 38نصف سنچریاں بنائی ہیں اور صرف ایک سنچری ہے، تیسرے نمبر پر روہت شرما نے 32نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں، محمد رضوان 30نصف سنچریوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں، آسٹریلیا کے سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر 28نصف سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔بابراعظم نے ٹی20کرکٹ میں سب سے زیادہ 464چوکے لگانے کا ریکارڈ بھی بنایا ہے، اس فہرست میں دوسرے نمبر پر آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ ہیں، جنہوں نے 430چوکے مارے ہیں، تیسرے نمبر روہت شرما ہیں، جن کے ریکارڈ میں 383چوکے شامل ہیں، ویرات کوہلی 363کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔















































