لاہور(این این آئی)دْنیا بھر میں سوئنگ کے سلطان کے لقب سے مشہور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے اپنے شوہر کا نام طلاق یافتہ افراد کی فہرست دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک سوشل میڈیا پیج نے مختلف ممالک کی کرکٹ ٹیم سے تعلق رکھنے والے 12 کھلاڑیوں کی فہرست جاری کرتے ہوئے ان کی طلاق ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
اس فہرست میں پاکستانی سابق کپتان فاسٹ بالر وسیم اکرم اور بھارتی کھلاڑی انیل کمبلے کے نام بھی شامل ہیں جنہیں کوئی طلاق نہیں ہوئی ہے۔سوشل میڈیا کی مذکورہ پوسٹ نے سماجی کارکن اور کرکٹ لیجنڈ وسیم اکرم کی اہلیہ کی توجہ فوراً حاصل کر لی۔شنیرا اکرم نے جھوٹی خبریں پھیلانے پر سوشل میڈیا پیج کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے ان پر برس پڑیں۔انہوں نے جھوٹ پر مبنی پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بلاشبہ آپ لوگ ہر چیز سیاق و سباق سے ہٹ کر لکھتے ہیں، صرف یہی نہیں آپ لوگ درست اور قابلِ اعتماد معلومات سے بھی محروم ہیں۔انہوں نے اس کے ساتھ ہی خبروں کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق پر بھی زور دیا ہے۔واضح رہے کہ وسیم اکرم نے شنیرا سے قبل ہما مفتی سے 12 اکتوبر 1993ء کو پسند کی شادی کی تھی۔