کراچی (این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کی جانب سے ایشوریا رائے سے متعلق کہے گئے الفاظ پر ہنسنے پر وضاحت پیش کی ہے۔2 روز قبل کراچی میں ایک تقریب ہوئی جس میں سابق کرکٹرز نے شرکت کی جن میں شاہد آفریدی، عبدالرزاق، کامران اکمل، مصباح الحق، عمر گل، سعید اجمل، راشد لطیف اور شعیب ملک شامل تھے۔دوران گفتگو پی سی بی پر تنقید کرتے ہوئے رزاق نے بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے پر نامناسب جملے کہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان پر سخت تنقید کی گئی۔
ان کے ساتھ بیٹھے عمر گل اور شاہد آفریدی اس بیان پر ہنسے اور تالیاں بجائیں جس کے بعد ان دونوں پر بھی تنقید کی گئی تاہم اب شاہد آفریدی نے اس پر وضاحت جاری کی ہے۔سابق کپتان نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم اسٹیج پر بیٹھے تھے تو رزاق نے کچھ بات کی، اس کے ہاتھ میں مائیک تھا، اسے جگتیں مارنے کا بہت شوق ہے، مجھے پتا تھا وہ ایسی کوئی بات کرے گا، میں ویسے ہی ہنسنے لگا، مجھے بات کی سمجھ نہیں آئی تھی۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ وہاں سب لوگ ہنس رہے تھے، یقین کریں میں گھر آیا تو مجھ سے کسی نے کلپ شیئر کی کہ رزاق نے بات کی کیا ہے، جب میں نے غور سے سنا کہ اس نے تو اصل میں یہ کہا تھا تو مجھے بہت عجیب لگا کیونکہ میں ویسے ہی ہنس رہا تھا، یہ سن کر میں نے سوچا کیا ہوگیا ہے ر رزاق کو۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت غلط مذاق تھا، اس قسم کا مذاق ہرگز نہیں ہونا چاہیے، میں رزاق کو میسج کرکے کہوں گا کہ معافی مانگے۔واضح رہے کہ عبدالرزاق اپنے بیان کی معافی مانگ چکے ہیں۔