اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر میں اہم سنگ میل عبور کرلیا۔ہفتے کو سری لنکا کے شہر کینڈی میں بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے میچ میں شاہین آفریدی نے انتہائی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 10 اوورز میں 35 رنز دیکر چار وکٹیں حاصل کیں جس میں دو میڈان اوورز بھی شامل تھے۔شاہین آفریدی نے روہت شرما، ویرات کوہلی، ہارڈیک پانڈیا اور رویندرا جدیجا کی وکٹیں حاصل کیں۔
پاک بھارت میچ کے بعد شاہین آفریدی کی انٹرنیشنل وکٹوں کی تعداد 250 سے تجاوز کرگئی ہے جس کے بعد وہ 24 سال کی عمر سے پہلے 250 انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے ساتویں بولر بن گئے ہیں۔شاہین آفریدی کی تیز رفتار سوئنگ بولنگ نے انہیں دنیا بھر کے بلے بازوں کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بنا رکھا ہے اور اس کارنامے نے انہیں لیجنڈری پاکستانی بولرز وقار یونس اور ثقلین مشتاق کی صف میں شامل کردیا ہے۔
ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 267 رنز کا ہدف دیا ہے تاہم بارش کے باعث میچ بے نتیجہ ختم ہو گیا اور دونوںٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا ،پاکستانی ٹیم کے بائولر نے بھارتی بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی ، 66رنز پر چار بھارتی بلے باز پویلین جا پہنچے ،ایشان کشن اور ہردک پانڈیا نے ٹیم کو سہارا دیا تاہم پوری ٹیم 49ویں اوورز میں 266رنز پر ڈھیر ہوگئی ،پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 جبکہ حارث رف اور نسیم شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کے شہر کینڈی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے بائولنگ کا آغاز شاہین شاہ آفریدی نے کیا اور ابتدائی اوورز میں بھارتی بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں آغاز کرتے ہوئے چار اوورز میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی تاہم اس موقع پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی جس کے سبب آدھے گھنٹے سے زائد تک کھیلا رکا رہا۔میچ دوبارہ شروع ہوا تو شاہین شاہ آفریدی زیادہ بہتر ردھم میں نظر آئے اور تیسری ہی گیند پر شاہین نے بھارتی کپتان روہت شرما کو بولڈ کردیا۔
شاہین آفریدی نے نپی تلی بالنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے اگلے اوور کی تیسری گیند پر ویرات کوہلی کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو دوسری کامیاب دلائی۔حارث رئوف کو بائولنگ پر متعارف کرایا گیا تو شریاس آئیر نے ان کا استقبال دو چکے لگا کر کیا تاہم اگلے اوور میں فاسٹ بالر نے اس کا بدلہ انہیں پویلین رخصت کر کے کیا اور بھارتی ٹیم 10 اوورز میں 48 رنز پر 3 وکٹیں گنوا بیٹھی ۔شبمن گل پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے اور بالآخر ان کی 32 گیندوں پر 10 رنز کی اننگز کی حارث رئوف کے ہاتھوں ہی اختتام کو پہنچی اور بھارت کو 66 رنزپر چوتھا نقصان پہنچا۔نوجوان بلے باز ایشان کشن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔بھارت کے دونوں بیٹرہردک پانڈیا،اور ایشان نے دبا ئومیں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 138 رنز کی شاندار شراکت قائم کی لیکن حارث رئوف نے ایک مرتبہ پھر ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے ایشان کشن کو چلتا کردیا جنہوں نے آئوٹ ہونے سے قبل 82 رنز کی اننگز کھیلی۔ہردک پانڈیا نے دوسرے اینڈ سے دھواں دھار بیٹنگ جاری رکھی اور حارث رف کو ایک اوور میں تین چوکے لگائے جس سے ایسا محسوس ہونے لگا کہ وہ اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری بنانے میں کامیاب رہیں گے
تاہم شاہین شاہ آفریدی نے 87 رنز پر ان کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔روایندرا جدیجا سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہو سکی اور وہ بھی صرف 14 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے شردل ٹھاکر کا بھی کام تمام کردیا۔کلدیپ یادو اور جسپریت بمراہ نے اسکور کو 261 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر اسپنر وکٹ کیپر کو کیچ دے پویلین لوٹ گئے۔بمراہ نے نسیم شاہ کو چوکا لگایا اور اگلی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں وہ بانڈری پر کیچ دے بیٹھے۔بھارت کی پوری ٹیم 266 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 جبکہ حارث رف اور نسیم شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت کی اننگز کے اختتام کے ساتھ ہی بارش نے میچ میں مداخلت کردی اور گرائونڈ گیلا ہونے کی وجہ سے میچ کافی دیر تک تاخیر کا شکار شکار رہا۔امپائرز نے کئی مرتبہ گرانڈ کا معائنہ کیا اور بالآخر مسلسل بارش اور گیلی آئوٹ فیلڈ کے باعث امپائرز نے دونوں کپتانوں کی باہمی رضامندی سے میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔میچ بے نتیجہ ختم ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا ہے۔موسم کی پیشن گوئی کرنے والی ایجنسی اکیو ویدر نے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے بارش کا 58 فیصد امکان ظاہر کیا ہے جس کے بعد اگلے 3 گھنٹے شام 6 بجے تک موسم صاف رہا ۔
پاکستانی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد رضوان، آغا سلمان، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رئوف شامل تھے پاکستان کے خلاف بھارت کی پلیئنگ الیون میں روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، شاردول ٹھاکر، کلدیپ یادیو، محمد سراج، جسپریت بمرا شامل تھے ۔ دوسری جانب سری لنکا اورپاکستان نے سپر 4مرحلے کے بھی کوالیفائی کرلیا ۔
٭٭٭٭٭