لندن (این این آئی)انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ایشیز سیریز میں انگلش ٹیم کے کیمپ میں کورونا وائرس کی وجہ سے کھلبلی مچ گئی ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق سڈنی میں ٹریننگ میں حصہ لینے والے نیٹ بولر کا کوویڈ ٹیسٹ مثبت آگیا، جنہیں ٹریننگ سے الگ کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیٹ بولر نے آئوٹ ڈور ٹریننگ میں انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ حصہ لیا تھا، نیٹ بولر کا ٹیسٹ مثبت آنے پر سب نیٹ بولرز کو الگ کر دیا گیا۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ کوویڈ پروٹوکولز سے متعلق کرکٹ آسٹریلیا کے لائحہ عمل پر سوالات اٹھتے ہیں۔میڈیا کا کہنا ہے کہ کچھ روز قبل ہیڈ کوچ سلور ووڈ کا کوویڈ ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جو 8 جنوری تک آئیسولیشن میں رہیں گے۔خیال رہے کہ میلبرن گرائونڈ میں کھیلے گئے ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو اننگز اور 14 رنز سے شکست دی تھی، پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے مہمان ٹیم کو 9 وکٹوں ہرایا تھا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 275 رنز سے جیتا تھا۔اس کے بعد میزبان ٹیم کو 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-3 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی ہے۔