سینچورین (این این آئی)پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں جنوبی افریقی ٹیم کے اسپن بالر تبریز شمسی نے پاکستان کے اوپنر فخر زمان کے آئوٹ پر انہی کو قصور وار ٹھہرا دیا۔ٹوئٹر پر تبریز شمسی نے لکھا کہ کوئنٹن ڈی کوک بیٹسمین کی طرف اشارہ یا اس سے
بات نہیں کر رہا تھا، وکٹ کیپر دوسرے اینڈ پر فیلڈر کو بال پکڑنے کا کہہ رہا تھا۔جنوبی افریقی کھلاڑی نے لکھا کہ کوئنٹن ڈی کوک کی غلطی نہیں۔ فخر زمان نے رن مکمل کرنے کے بجائے پیچھے مڑ کر دیکھا۔انہوں نے کہا کہ نفرت کو روکیں اور کوئنٹن ڈی کوک کو اکیلا چھوڑ دیں۔تبریز شمسی نے اپنے پیغام میں فخر زمان کی شاندار بیٹنگ کی تعریف بھی کی۔واضح رہے کہ جوہانسبرگ میں دوسرے ون ڈے کے دوران فخر زمان کے متنازع رن آئوٹ پر غیر ملکی کرکٹرز سمیت متعدد کرکٹ شائقین نے بھی حیرت کا اظہار کیا تھا۔فخر زمان نے میچ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 155 گیندوں پر 193 رنز کی اننگز کھیلی،وہ آخری اوور میں رن آئوٹ ہوئے، اس دوران انہوں نے 10 چھکے اور 18 چوکے لگائے۔