پی ایس ایل 6 فیکٹ فائنڈنگ پینل کا اعلان لاہو ر(این این آئی) وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر سید فیصل محمود اور ڈاکٹر سلمہ محمدعباس پر مشتمل 2 رکنی فیکٹ فائنڈنگ پینل کااعلان کردیاگیا ۔ یہ پینل ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے لیے مقررہ بائیو سیکیور پروٹوکولز اور اس سے جڑے ضمنی قوانین کا ازسرنو جائزہ لے گا۔ڈاکٹر سید فیصل محمود آغا خان یونیورسٹی میں شعبہ وبائی امراض میں
بطورسیکشن ہیڈ اور اسسٹنٹ پروفیسر ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ ڈاکٹر سلمہ محمد عباس شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر لاہور میں بطور کنسلٹنٹ برائے وبائی امراض اینڈ جنرل میڈیسن کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہی ہیں۔یہ پینل 31 مارچ تک اپنی سفارشات اور تجاویز چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو پیش کرے گا۔اس آزاد پینل کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے لییتیار کردہ کویڈ 19 ایس او پیز کا ایک جامع اور تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وہاں موجود کسی بھی خامی کی نشاندہی کرے اور ہمیں سفارشات پیش کریکہ یہ بائیو سیکیور ماحول کوویڈ فری کیوں نہ رہ سکا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پی سی بی اپنے کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور اپنے میچ آفیشلز کی صحت اور حفاظت سے متعلق بہت سنجیدہ ہے، ہم زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز اور حالیہ ڈومیسٹک سیزن کے 9 ٹورنامنٹس میں اس کا عملی مظاہرہ بھی کرچکے ہیں۔ اس میں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ، قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ دو ماہرین پر مشتمل اس آزاد پینل کی تقرری کا واحد مقصد ایک ایماندارانہ ، تعمیری اور بامقصد جائزہ لینا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ یہ آزاد پینل ایونٹ اور ہوٹل کے عملے ، میڈیکل اینڈ کمپلائنز افسران، ٹیموں کے کھلاڑیوں اور منیجمنٹ سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سیرابطہ قائم کرے گا تاکہ ہمیں بہتر اندازہ ہوسکے کہ یہ کیسز کیسے سامنے آئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس تفصیلی جائزے کے بعد یہ آزاد پینل اپنی سفارشات ہمیں پیش کرے گا۔