بنگلور(آن لائن )انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور دورِ حاضر کے صف اول کے بلے باز جو روٹ نے پاکستانی لیجنڈری بیٹسمین انضمام الحق کا ریکارڈ توڑ دیا۔ بھارت کے خلاف بنگلور میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوران انگلش کپتان جو روٹ نے 100ویں ٹیسٹ میچ میں سب سے بڑا انفراد اسکور بنانے کا سابق پاکستانی کپتان انضمام الحق کا
ریکارڈ توڑا۔ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم چنائی میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلش کپتان جو روٹ بھارتی بولرز کے آگے جم گئے تھے۔ انھوں نے بھارتیوں کے ہوم گراؤنڈ پر کسی بھی بولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے 100ویں ٹیسٹ میں سنچری جڑ دی۔ جو روٹ نے اپنی ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور اس سنگِ میل تک پہنچے جہاں اب صرف دنیاء کرکٹ میں ایک ہی بلے باز پہنچ سکا تھا۔ یہ بلے باز پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان لیجنڈری انضمام الحق تھے جنھوں 100ویں ٹیسٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔ انضمام نے سال 2005 میں بنگلور میں بھارت کے خلاف اپنے سنچری ٹیسٹ میچ میں 184 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی اور بھارت کے خلاف جیت میں اپنا کردار ادا کیا تھا۔ تاہم اب جو روٹ نے چنائی میں یہ ریکارڈ توڑا اور پھر اپنے کیئریر کی پانچویں ڈبل سنچری بھی بنا ڈالی جس کے بعد وہ 218 رنز بنا کر شہباز ندیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔انگلش کپتان جو روٹ نے 100 ویں میچ میں سنچری کرنے والے کھلاڑیوں کے کلب میں بھی انٹری دی، یہ کارنامہ سرانجام دینے پر وہ الیک اسٹیورٹ، اور کولن کوڈری کے بعد تیسرے انگلش کھلاڑی بن گئے۔انگلینڈ کے علاوہ جاوید میانداد، گورڈن گرنج، انضمام الحق، رکی پونٹنگ، گریم اسمتھ اور ہاشم آملہ بھی یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔سو میچز میں تقریباً 50 اوسط سے 8 ہزار سے زائد رنز بنانے پر وہ بہترین بلے بازوں کی صف میں کھڑے ہوگئے ہیں، بہترین اوسط کے ساتھ وہ پانچ دہائیوں کے دوران انگلینڈ کے بہترین بلے باز بن گئے۔