لاہور( این این آئی)سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل نے گرین شرٹس کو راولپنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو اسپنرزکے ذریعے قابوکرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو ڈرا کی طرف نہیں جانا چاہیے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سعید اجمل نے کہا کہ پاکستان کے پاس یاسرشاہ اور نعمان کی شکل میں اچھے اسپنرز موجود
ہیں لہٰذااس کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بہت عرصے بعد پاکستان کے دو اسپنرز کو ایک ساتھ پرفارم کرتے ہوئے دیکھا، فواد عالم نے جس طرح کراچی ٹیسٹ میں پرفارم کیا اس سے ثابت ہوا کہ انہیں ماضی میں منتخب نہ کرکے زیادتی کی گئی، مجھے یقین ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں بھی فواد عالم کا کردار اہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تجربہ کار کوئی نعم البدل نہیں ہوتا، ٹیسٹ میچز میں ایسے ہی کارکردگی دکھانے والوں کی ضرورت ہے۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے کہا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتاہے،موجودہ موسم میں راولپنڈی میں بال سوئنگ کرے گا کیونکہ ماضی میں بھی ایسا ہی ہوتا رہاہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سلیم ملک نے کہا کہ پاکستانی بلے بازوں کو بہت محتاط ہوکر کھیلنا ہوگا،کراچی ٹیسٹ کی وکٹ بھی اچھی نہیں بنی تھی لیکن پاکستانی ٹیم خوش قسمت رہی کہ وہ ٹیسٹ جیت گئی،ایک پارٹنرشپ کی وجہ سے پاکستانی ٹیم ٹیسٹ جیتنے کی پوزیشن میں آئی۔ دوسری اننگزمیں جنوبی افریقہ کی پارٹنرشپ زیادہ لمبی چلی جاتی تو پھر جیتنا اتنا آسان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بالرز تو موجودہ کنڈیشنز میں چل جائیں گے بلے بازوں کو خاصی محنت کرنا پڑے گی ۔