لاہور (آن لائن )سابق آل رائونڈر عبدالرزاق نے قومی ٹیم سے متعلق اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے پاوور ہٹر تیار کرنا چاہتا ہوں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حسن علی، فہیم اشرف، آصف علی اور عماد بٹ اچھے پاور ہٹر بن سکتے ہیں، میں دو سے 3 دن میں پلیئرز کی پاوورہٹنگ پر
کام کرسکتا ہوں۔ سابق آل راونڈر نے مزید کہا کہ بیٹ سوئنگ، گیند پر نظر اور باڈی بیلنس ہو تو اچھا پاوور ہیٹر بنا جاسکتا ہے.انھوں نے کہا کہ اس بار ڈومیسٹک میں کافی معیاری کرکٹ ہوئی۔اْن کا کہنا تھا کہ ٹیم کی جیت کے لیے ڈریسنگ روم کا ماحول ٹھیک کرنا اور پلیئرز کو ذہنی طور پر پختہ رکھنا بہت ضروری ہے۔عبدالرزاق نے مزید کہا کہ میچ میں کامیابی کے لیے زیادہ وقت میٹنگز کے بجائے گرائونڈز پر سخت کام کرنے پر ترجیح دی جائے، کوچنگ میں ڈیٹا بیس بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل پیر کو دس بجے قومی کرکٹ ٹیم کے ٹریننگ سیشن کا آغاز ہوگا ،ٹریننگ سیشن کے اختتام پر ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق ورچوئل پریس کانفرنس سیشن میں شرکت کریں گے۔ پی سی بی کے مطابق دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ایکرڈیشن رکھنے والے صحافیوں کو ہی اس ورچوئل سیشن میں شرکت کی اجازت ہوگی۔منگل کو ٹریننگ سیشن کے اختتام پرقومی کرکٹ ٹیم کے آلراؤنڈر فہیم اشرف ورچوئل پریس کانفرنس سیشن میں شرکت کریں گے۔ بد ھ کو ٹریننگ سیشن کے اختتام پرقومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ورچوئل پریس کانفرنس سیشن میں شرکت کریں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 4 تا 8 فروری کو کھیلا جائیگا ۔