آکلینڈ (این این آئی)نیوزی لینڈ میں موجود پاکستان کرکٹ اسکواڈ کے ارکان کی کووڈ 19 ٹیسٹنگ مکمل کر لی گئی جس کے نتائج آنے تک ٹریننگ کی اجازت نہیں ہو گی ، نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے پاکستان کرکٹ اسکواڈ کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔پاکستان کرکٹ اسکواڈ کے ذرائع نے تصدیق کی کہ کرائسٹ چرچ میں مقیم قومی ٹیم کے اسکواڈ کے کووڈ 19 ٹیسٹ لے لیے گئے ہ
یں جب کہ جن 6 کرکٹرز کے کورونا وائرس گزشتہ روز مثبت آئے تھے انہیں پہلے ہی الگ آئسولیشن میں بھیجنے کے بعد ٹیسٹ لے لیے گئے تھے۔پاکستان ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم آکلینڈ میں ہی قرنطینہ میں ہیں، انہوں نے آکلینڈ پہنچنے کے بعد گلے میں تکلیف کی شکایت کی تھی جس کے بعد انہیں ٹیم کے ہمراہ کرائسٹ چرچ سفر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ پاکستان اسکواڈ کو مینجڈ آئسولیشن کے دوران ٹریننگ کی اجازت نہیں اور وزارت صحت نیوزی لینڈ کے میڈیکل آفیسر کے مطمئن ہونے پر ٹریننگ کی اجازت ہو گی، میڈیکل آفیسر کووڈ 19 منتقلی نہ ہونے کا اطمینان کریگا۔ وزارت صحت نیوزی لینڈ نے اپنے ایک بیان میں پاکستان کرکٹ اسکواڈ کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئسولیشن کے دوران قوانین پر عمل درآمد کرنے میں بہت بہتری آئی ہے جو وارننگ جاری کرنے کے بعد آئی ہے، ٹیم میں مثبت کیسز سامنے آنے پر تحقیقات میں تعاون کیا گیا جس پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پروٹو کولز کے مطابق کیسز مثبت آنے والوں کے انٹرویوز بھی کیے گئے ہیں اور ان سے قریبی میل جول رکھنے والوں کے بارے میں بھی پوچھا گیا ہے۔پاکستان کے 6 کرکٹرز کے کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے علاوہ کچھ ارکان نے تین سے 4 آئسولیشن قوانین کی خلاف ورزیاں بھی کی تھیں جس پر پاکستان اسکواڈ کو آخری وارننگ جاری کی گئی تھی۔