لاہور( این این آئی )پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کورونا کے مثبت ٹیسٹ کے اعلان کے ایک دن بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے دعوی کیا ہے کہ ان کا اور ان کے اہل خانہ کا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔منگل کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے لیے نامزد کھلاڑیوں میں سے 7 کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جن میں فخر زمان، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔تاہم گزشتہ روز قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر محمد حفیظ نے
کہا ہے کہ ان کا اور ان کے اہل خانہ کا کورونا کا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ انہوں نے دوسری رائے اور اطمینان کے لیے ذاتی حیثیت میں ٹیسٹ کرانے گئے اور میرا اور میرے تمام اہل خانہ کا کورونا کا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے، خدا ہم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو 28جون کو دورہ انگلینڈ کے لیے روانہ ہونا ہے اور اسی سلسلے میں دورے کے لیے منتخب تمام 29 کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔