ممبئی (این این آئی)سابق کپتان شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی حمایت کرنے کی وجہ سے ہربھجن سنگھ پر بھارت میں ہونے والی تنقید پر سابق بھارتی کرکٹر کی اہلیہ گیتا بسرا بھی بول پڑیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہربھجن سنگھ کی اہلیہ گیتا بسرا کا کہنا تھا کہ ہربھجن جانتے ہیں کہ ان کا وطن ان کے لیے کتنا معنی رکھتا ہے اور وہ انسانیت کے لیے اپنے کسی بھی عمل کی وضاحت نہیں کرنا چاہتے۔
گیتا بسرا نے کہا کہ ہربھجن بھارت کے لیے جیتے ہیں اور بھارت کے لیے جان بھی دے سکتے ہیں، ان کا وطن ہمیشہ ان کی پہلی ترجیح ہے اور وہ جب بھی کرکٹ کھیلتے ہیں اپنے دل سے کھیلتے ہیں اور یہ بات سب ہی جانتے ہیں کہ ان کے لیے اپنا وطن کتنا معنی رکھتا ہے۔بھارتی کھلاڑی کی اہلیہ نے ہربھجن سنگھ کی جانب سے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی حمایت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ‘اس حمایت کا مقصد صرف شاہد آفریدی کی مدد کرنا تھا جس کے ساتھ انہوں نے کرکٹ کھیلی ہے اور کئی سالوں سے دوستی ہے۔انہوں نے کہا کہ آفریدی یہ سب اپنے ملک کی خاطر کر رہے ہیں اور وہ اپنا پیغام پوری دنیا میں موجود اپنے مداحوں تک پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس نیکی کے کام میں ان کی مدد کریں۔بھارتی کھلاڑی کی اہلیہ نے ناقدین کو دعوت دی کہ آئیے اس میں مذہب یا کسی اور چیز کو شامل نہ کریں، کیا اگر ویسٹ انڈیز یا انگلینڈ جیسی کسی ٹیم سے اگر کوئی کھلاڑی مدد طلب کرتا تو بھی ایسا ہی کرتے؟