لاہور (این این آئی)عالمی شہرت یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے کورونا وائرس کے سبب بیروزگار ہونے والے افراد کو اپنے ریسٹورنٹ میں مفت کھانے کی پیشکش کی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مشہور انٹرنیشنل امپائر نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب اپنے ریسٹورنٹ میں بیروزگاروں کو مفت کھانا کھلانے کا اعلان کیا ہے۔
ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پوری دنیا میں پھیل چکا ہے اور اس کے اثرات پاکستان میں بھی آ چکے ہیں اور میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس آفت سے محفوط رکھے۔انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتیں اس سلسلے میں ہدایات جاری کر چکی ہیں اور جب تک ہم لوگوں کی سپورٹ اس میں شامل نہیں ہو گی اس وقت حکومتیں اس میں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔لگاتار تین مرتبہ سال کے بہترین امپائر کا ایوارڈ جیتنے والے علیم ڈار نے عوام سے درخواست کی کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔علیم ڈار نے کہا کہ اس وائرس کے باعث پیدا ہونے والے بحران کی وجہ سے کئی لوگ بے روزگار ہوئے ہیں اور بے روزگار افراد کے لیے میری طرف سے پیشکش ہے کہ وہ پی آئی اے روڈ پر واقع میرے ریسٹورنٹ ‘ڈار جلیٹو’ میں آ کر وہاں مفت کھانا کھا سکتے ہیں۔انہوں نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں سمیت پوری دنیا کو اس وائرس سے محفوظ رکھے۔