بیرگامو (مانیٹرنگ ڈیسک) 19 فروری کو اٹلی کے فٹبال کلب اٹلانٹا کی تاریخ کا سب سے بڑا میچ تھا اور بیرگامو شہر کی ایک تہائی آبادی اس میچ کو دیکھنے کے لئے پہنچ گئی۔سپین کی ٹیم ویلنسیا کا میچ اٹلی کے کلب سے تھا، اس موقع پر اٹلی کے تقریبا اڑھائی ہزار مداح بھی اس میچ کو دیکھنے کے لئے پہنچے۔
میچ کے ٹھیک ایک ماہ بعد ہی بیرگامو کرونا وائرس کا مرکز بن گیا اور اس میچ کو ہی اس کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ایک طبی ماہر نے اسے حیاتیاتی بم قرار دیا کہ جس نے ویلنسیا کی 35 فیصد ٹیم کو کرونا وائرس کا شکار بنا دیا۔ اطالوی میڈیا کی جانب سے میلان میں ہونے والے میچ کو گیم زیرو قرار دیا جا رہا ہے جو اٹلی میں مقامی طور پر وائرس سے متاثر ہونے والے پہلے کیس سے 2 دن پہلے کھیلا گیا تھا۔ بیرگاموں کے میئر گیوجیو جوری نے فیس بک پر لائیو بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فروری کے وسط میں ہمیں حالات کا درست اندازہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ بات درست ثابت ہوجاتی ہے تو اسکا مطلب ہوگا کہ یورپ میں یہ وائرس جنوری میں ہی پھیل چکا تھا اور میچ میں شریک 40 ہزار افراد نے اس وائرس کو ایک دوسرے میں تقسیم کیا۔اس میچ کے بعد ایک ہفتے کے اندر ہی بیرگامو میں اولین کیسز سامنے آئے اور اسی وقت ویلنسیا سے آنیوالا ایک صحافی اس خطے کو کووڈ 19 سے متاثرہ دوسرا شخص بنا، اور اس سے رابطے میں رہنے والے بھی اس وائرس کا شکار ہوگئے۔