اسلام آباد( آن لائن )بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر رضامند ہوگئی ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم اگلے سال پاکستان کا دورہ کرے گی۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا یہ دورہ اگلے سال جنوری فروری میں ہوگا۔سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل جبکہ دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان پر رضامند ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی کوششیں بالآخر کام آگئی ہیں اور اب بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر رضامند ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ پچھلے کچھ مہینوں سے پی سی بی کوششیں کر رہا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے، جس کیلئے ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔یاد رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور کچھ سینئر کھلاڑیوں کو دورے پر تحفظات ضرور تھے لیکن اب یہ تحفظات دور ہوچکے ہیں۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے تمام سینئر کھلاڑی پاکستان کے دورے میں ٹیم کا حصہ ہوں گے جن میں شکیب الحسن، مشفیق الرحیم زیر فہرست ہیں۔ واضح رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم اس وقت پاکستان کے دورے پر ہے جہاں اسے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورے پاکستان کی وجہ سے بھی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی راہ ہموار ہوئی ہے۔